2017ء کو ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے سال کے طور پر منایا جائے، علامہ احمد اقبال رضوی

01 جنوری 2017

وحدت نیوز (اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ سید احمد اقبال رضوی نے قوم کو نئے سال کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت اور پاک فوج کو جن چیلنجز کا سامنا ہے، ان میں سب سے اہم دہشت گردی کا خاتمہ ہے۔ یہ سال ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے سال کے طور پر منایا جائے اور اس مقصد کی تکمیل کے لئے حکومت اور عسکری اداروں کو پورے عزم کے ساتھ دہشت گردی کے خلاف جنگ کو منطقی انجام کی طرف لے کر جانا ہوگا۔ دہشت گردی کے عفریت سے چھٹکارا دلانے کے لئے پوری قوم حکومت کی پشت پر کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا تکفیری فکر نے اس ملک کے امن و سکون کو تباہ کر رکھا ہے۔ مسلمانی کا سرٹیفیکیٹ تقسیم کرنے والی کالعدم مذہبی جماعتیں ملک کو مسلکی بنیادوں پر تقسیم کرنے کی مذموم کوشش میں مصروف ہیں۔ جب تک ان کیخلاف فیصلہ کن کارروائی نہیں کی جاتی، تب تک اس ملک میں امن و امان کا قیام ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریٹائرڈ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے ضرب عضب کے ذریعے ان عسکری قوتوں کو کچلنے میں کافی کامیابی حاصل کی ہے، جو قومی مفادات کے لئے خطرہ تھے۔

احمد اقبال رضوی کا کہنا تھا کہ ملک دشمنوں کے خلاف اس جنگ کے مطلوبہ نتائج حاصل کرنے کے لئے مزید اور موثر اقدامات کی ابھی ضرورت ہے۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے عوام کی بہت ساری توقعات وابستہ ہیں۔ دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں کسی بھی قسم کی لچک کا معمولی سا مظاہرہ بھی دہشت گردوں کے حوصلے میں اضافے کا باعث بنے گا۔ انہوں نے حکومت سے بھی مطالبہ کیا ہے کہ سال 2017ء میں ملک سے کرپشن کے خاتمے سمیت عوامی فلاح و بہبود کے جامع منصوبوں پر حکمت عملی طے کی جائے۔ انہوں نے کہا بڑھتی ہوئی طبقاتی تفریق، احساس محرومی کے ساتھ ساتھ جرائم میں بھی اضافے کا باعث ہے، جس کی بنیاد مقتدر اداروں کی عوامی مسائل سے عدم توجہی ہے۔



اپنی رائے دیں



مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree