وحدت نیوز(اسلام آباد) پاکستان مسائل کے چنگل میں پھنسا ہوا ہے جس کی بنیادی وجہ نا اہل حکمران ہیں،صحت ،تعلیم اور روزگارکی فراہمی سمیت بنیادی اہداف پر کوئی ایسی حکمت عملی مرتب نہیں کی گئی جسے بہترین نتائج کی حامل قرار دیا جا سکے۔پڑوسی ممالک سے بگڑتے ہوئے تعلقات ناکام خارجہ پالیسی کا عکاس ہیں۔ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے تنظیمی اجلاس میں کیا۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں انصاف ناپید ہو چکا ہے۔ طبقاتی تفریق لوگوں میں مایوسی پیدا کر رہی ہے جس سے جرائم میں اضافہ ہوا ہے۔میرٹ کی بجائے اقربا پروری ،سفارش ،رشوت اور اختیارات کی بالادستی ہر شعبہ میں نمایاں نظر آتی ہے۔ریاست اور عوام کے تعلق میں دانستہ طور پر دوری پیدا کی جارہی ہے تاکہ حب الوطنی کے جذبات کو دلوں سے نکالا جا سکے۔پڑھے لکھے باصلاحیت نوجوان روز گار کے لیے دربدر جبکہ اعلی عہدوں کو من پسند افرا دمیں بانٹا جا رہا ہے۔قومی اداروں کو حکمران ذاتی مقاصد کے لیے استعمال کر رہے ہیں۔دہشت گردی کے خاتمے میں حکومت کی سنجیدگی اخباری بیانات کی حد تک دکھائی دے رہی ہے۔حکمرانوں کے طرز عمل سے یہ واضح طور پر نظر آ رہا ہے کہ انہیں ملک و قوم کے مفاد سے کوئی غرض نہیں۔ ملک میں بڑھتے ہوئے جرائم کی ایک وجہ بے روزگاری بھی ہے۔مختلف ممالک میں پڑھے لکھے لوگوں کو با عزت روزگار فراہم کرنے کے لیے صنعتیں لگائی جاتیں ہیں لیکن یہاں صعنت سازی حکومتی عدم توجہی کا شکار ہے ۔ملک کے چھوٹے بڑے مختلف شہروں اور دیہی علاقوں میں علاج معالجے کی سہولیات برائے نام ہیں۔سرکاری تعلمی اداروں میں داخلے کے رجحان میں واضح کمی تعلیم کے میدان میں بُری طرح ناکامی کو آشکار کر رہی ہے۔انہوں نے کہا موجودہ حکمران ملک سنوارنے کے لیے اقتدار میں نہیں آئے ۔