وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کی مرکزی کابینہ اور صوبائی مسئولین کا اہم اجلاس علامہ ناصر عباس جعفری کی زیر صدارت اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ملکی سیاسی صورتحال اور حکومت مخالف الائنس کی تشکیل پر غور و خوض کیا گیا۔ اس موقعہ پر علامہ مقصود علی ڈومکی نے زائرین کے مسائل پر بریفنگ دی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ نواز حکومت جعلی مینڈیٹ کے ذریعے برسر اقتدار آئی ہے۔ لہذا اس کا اقتدار غیر قانونی اور غیر آئینی ہے۔ طاہرالقادری اور اپوزیشن کی جانب سے دی گئی دعوت پر تفصیلی غور کے بعد ایم ڈبلیو ایم نے حکومت مخالف اپوزیشن الائنس کا حصہ بننے کا فیصلہ کر لیا۔ اس سلسلے میں پانچ رکنی کور کمیٹی تشکیل دی گئی جس کے ممبران علامہ محمد امین شہیدی، سید ناصر شیرازی، علامہ مقصود علی ڈومکی اور علامہ عبدالخالق اسدی ہونگے۔ ایم ڈبلیو ایم نے تفصیلی غور و خوض کے بعد گرینڈ الائنس کے لئے پانچ نکاتی ایجنڈا تیار کر لیا۔