وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان شعبہ تبلیغات کے مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ اعجاز بہشتی نے ۴۵ شیعہ اسماعیلیوں کی شہادت پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی ترقی اور خوشحالی میں شیعہ اسماعیلی برادری کا نہایت اہم کردار ہیں ان پر حملہ نہایت افسوسناک اور بزدلانہ کاروائی ہیں جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، بے گناہ انسانوں سے جینے کا حق چھینا ظلم ہے اور ہم ہر ظالم کے خلاف اور ہر مظلوم کے حامی ہیں چاہے وہ کسی بھی مکتب فکر سے تعلق رکھتا ہو۔
علامہ اعجاز بہشتی کا مزید کہنا تھا کہ حکومت سندھ اس دہشت گردانہ کاروائی میں دہشت گردوں کے برابر کے شریک ہیں ،حکومت سندھ اور سیکورٹی ادارے پاکستان کے مخلص شہریوں کو سیکورٹی فراہم کرنے میں مکمل ناکام ہو چکی ہیں اگر ان بے ضمیر اور بے حس حکومرانوں میں انسانیت ہوتی تو ان کو فوری مستعفی ہونا چاہئے تھا مگر افسوس کی پینتالیس لاشیں گرنے کے باوجود بھی ان حکمرانوں کو ٹس سے مس بھی نہیں ہوا جو ان کی نالائقی اور بے حسی کا ثبوت ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ جب تک پاک فوج اور سیکورٹی ادارے ان دہشت گردوں کی سر پرستی کرنے والوں کو ختم نہیں کرینگے ان کا صفایا ناممکن ہے، سرزمین پاکستان میں تمام مسلک کے افراد کو جینے کا حق ہے اس ملک کی سلامتی اور خوشحالی میں تمام افراد کا کردار ہیں لہذا تمام افراد کی جان و مال کی حفاظت حکومت کی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔