The Latest

وحدت نیوز (کوئٹہ) ایم ڈبلیوایم کے رکن بلوچستان اسمبلی حلقہ پی بی 2کوئٹہ سید آغا رضا کے خصوصی فنڈ سےکوچہ نور یاسین ، میکانگی روڈ ،آرچر روڈ اور  پرنس روڈ میں کونسلر عباس علی اور دیگر کونسلرز اسلم رند , سلیم قریشی اور نعیم کاکڑ کے زیر نگرانی اسٹریٹ لائٹس نصب کرنے کا کام جاری ہے،واضح رہے کہ کوچہ نور یاسین ، میکانگی روڈ کے علاقے سے شہادت مولائے کائنات امام علی ؑکا جلوس گذرنا ہے، سکیورٹی خدشات کے باعث اسٹریٹ لائٹس کی تنصیب کا کام بے حد ضروری تھا۔

وحدت نیوز (لاہور) رہنما مجلس وحدت مسلمین پنجاب علامہ حسن ہمدانی نے کہا ہے کہ داعش کی حماس کو حالیہ دھمکی اسرائیل کے ایماء پر گیدڑ بھبھکی کے سوا کچھ نہیں۔ حماس کی تاریخ شہداء کے مقدس خون سے سنہری حروف میں تحریر ہے۔ حماس نے آج تک اپنے کلمہ گو بھائیوں کو زندہ جلایا اور نہ ہی اولیاء خدا کے مزارات کو منہدم کیا۔ مسلمان بہنوں کی حرمت کو پامال کیا اور نہ ہی کعبہ کو گرانے کی دھمکی دی۔ شعائر اسلام کی حرمت کو پامال کرنے جیسے قبیح افعال کبھی انجام نہیں دیئے۔ دنیا کے کروڑوں افراد نہ صرف حماس کے لئے دعاگو ہیں بلکہ آزادی القدس کے لئے ان پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔ حماس کی اسرائیل کے خلاف حالیہ مقاومت حماس کی خدا کے لئے قیام کی زندہ تصویر ہے، جس میں انہوں نے دشمن کے دانت کھٹے کئے۔ اس جمعۃ الوداع کو پوری دنیا کے غیرت مند مسلمان سڑکوں پر آکر القدس کی آزادی اور حماس کی حمایت میں امریکہ و اسرائیل اور ان کے لے پالک سعودی عرب کے پٹھو داعش، طالبان، النصرہ اور القاعدہ جیسوں سے اظہار برائت کرکے اپنے خدا کی رضائیں حاصل کریں گے۔

وحدت نیوز (ملتان) مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے رہنما علامہ سید اقتدار حسین نقوی نے کہا ہے کہ اسرائیل عالم اسلام کے لئے ایک ناسور کی شکل اختیار کرتا جا رہا ہے، گذشتہ روز امدادی جہازوں کو روک کر امدادی اشیاء کو غزہ کے محصورین تک نہیں جانے دیا گیا، جو کہ عالمی قوانین کی سراسر خلاف ورزی ہے۔ لیکن اقوام عالم، اقوام متحدہ اور او آئی سی خاموش تماشائی کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے محلہ طوطل میں کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین کے دیگر رہنما اور کارکنان بھی موجود تھے۔ علامہ اقتدار نقوی نے کہا کہ یوم القدس کے موقع پر ہر مسلمان کو چاہیے کہ اپنا فرض اولین سمجھتے ہوئے قبلہ اول کی آزادی کے لئے باہر نکلے۔ اُنہوں نے اہل ملتان سے اپیل کی کہ یوم القدس کے موقع پر امام بارگاہ شاہ یوسف گردیز سے چوک گھنٹہ گھر تک نکالی جانے والی ریلی میں بھرپور شرکت کریں۔

وحدت نیوز (کوئٹہ) خانہ فرہنگ اسلامی جمہوریہ ایران کوئٹہ کے زیر اہتمام (قرآن وحدت اور امن عالم کا داعی) کے عنوان سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے سیکریٹری جنرل علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ اسلام کا پیغام سراسر رحمت اور امن و سلامتی ہے۔ قرآن کریم کی تعلیمات امن عالم اور اتحاد انسانیت کی ضامن ہیں۔اس وقت دنیائے اسلام ، انسان دشمن ،عالمی سامراجی قوتوں کے نشانے پر ہے۔ انہی کے پروردہ دہشت گردوں نے عالم اسلام میں ظلم و بربریت کا بازار گرم کر رکھا ہے۔ آج پوری مسلم دنیا آگ وخون کی لپیٹ میں ہے، ہر جگہ اسرائیل کا دفاع کرنے کے لئے نام نہاد اسلامی گروہ کھڑے ہو چکے ہیں بظاہر انہوں نے اسلام اور اسلامی حکومتوں کے قیام کا نعرہ بلند کیا ہو اہے لیکن حقیقت میں وہ غاصب صیہونی ریاست اسرائیل کا دفاع کر رہے ہیں ، شام میں لاشوں کے انبار ہیں، لبنان دہشتگردوں کے نشانے پر ہے،یمن میں خون کی ہولی کھیلی جا رہی ہے، مصر میں بھی ہم دیکھ چکے ہیں کہ کس طرح ایک منتخب حکومت کو امریکی ، اسرائیلی اور عرب امداد سے چلتا کیا گیا ہے، پاکستان میں گذشتہ چند برس میں ستر ہزار سے زائد پاکستانیوں کو مساجد، امام بارگاہوں، جلوسوں، سیکورٹی چیک پوسٹوں، سرکاری دفاتر، اسکولوں اور دیگر مقاما ت پر دہشت گردی کا نشانہ بنایا گیا ہے۔
سیمینار سے ڈائریکٹر خانہ فرہنگ آقائے سید ابوالفضل حسینی، امیر جماعت اسلامی بلوچستان عبدالمتین آخونزادہ، کونسل جنرل آقائے حسن یحیوی اور معروف دانشور امان اللہ شادیزئی نے خطاب کیا۔ اور نماز وحدت بھی ادا کی گئی۔

وحدت نیوز (اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی جنرل سیکریٹری علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کوئٹہ میں ہزارہ شیعہ قبیلے کے تین افراد کوفائرنگ کر کے شہید کرنے کے واقعہ پر شدید غم و غصے کا اظہارکرتے ہوئے کہا ہے کہ کوئٹہ میں ایک بار پھر شیعہ ٹارگٹ کلنگ کے واقعات میں اضافہ ہونا شروع ہو گیا ہے۔حکومت بلوچستان میں شر پسندی کے واقعات کو سنجیدہ نہیں لے رہی یہی وجہ ہے کالعدم تنظیموں نے اس علاقے کو اپنی محفوظ پناہ گاہ بنا رکھا ہے اور جب ان دہشت گرد عناصر کا جی چاہتا ہے بے گناہ انسانی جانوں کے ساتھ خون کی ہولی کھیل کر دندناتے ہوئے روپوش ہو جاتے ہیں جبکہ ایف سی میں موجود کالی بھیڑیں کوئٹہ میں جاری شیعہ نسل میں ملوث ہیں،۔حکومت کی مسلسل بے حسی ملت تشیع کے اضطراب میں اضافے کا باعث بن رہی ہے۔اگر ملت تشیع کے پانچ کروڑ شیعہ سڑکوں پر نکل آئے تو پھر حکومت کا اقتدار میں رہنا ممکن نہیں رہے گا۔ ۔ہم بارہا مطالبہ کر چکے ہیں کہ بلوچستان میں بھرپور فوجی آپریشن کر کے دہشت گردوں کی کمین گاہوں کو ملیا میٹ کیا جائے لیکن حکومت مسلسل پس وپیش سے کام لے رہی ہے۔جو حکومتی کمزوری ہے یا پھر کسی سیاسی مصلحت کا تقاضہ ہے،ریاستی ادارے کوئٹہ میں جاری شیعہ ٹارگٹ کلنگ میں برابر کے ذمہ دار ہیں،ہمیں کسی صورت گوارہ نہیں کہ بے گناہ انسانی جانوں کو سیاسی مقاصد کی بھینٹ چڑھایا جائے۔ہم وفاقی حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ بلوچستان میں ضرب عضب کی طرز کو فوجی آپریشن بلاتاخیر شروع کیا جائے جو آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رہے۔ علامہ راجہ ناصر نے شہدا کے خاندانوں سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے شہدا کی بلندی درجات اور پسماندگان کے لیے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔

وحدت نیوز (اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان شعبہ تبلیغات کے مرکزی سیکریٹری علامہ اعجاز حسین بہشتی نے گلگت بلتستان کے نو منتخب وزیراعلیٰ اور قائد حزب اختلاف کے بارے میں اپنے رائے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان میں شیعہ دشمن وزیراعلیٰ اُن علماؤں کے محنت کا نتیجہ ہیں جنہوں نے مکتب تشیع اور گلگت بلتستان کے حقوق کو نظر انداز کرتے ہوئے دہشت گردوں کے سرپرستوں اور ان کے سیاسی ونگ کو سپورٹ کیا ، ہم نے گلگت بلتستان میں اپنی حجت تمام کی ہےاور آخری حد تک اتفاق واتحاد کے لئے کوششیں کی ہیں لیکن جب ہمارے اپنے ساتھ نہ دیں تو یقیناًدشمن کو ہی آگے آنا تھا، مگر ہمیں اپنے امیدواروں اور گلگت بلتستان کے غیور عوام کے عزم و حوصلوں پر فخر ہیں، انشاء اللہ ہم نے اب بھی ہار نہیں مانا ہے ، مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے آئینی حقوق کی جنگ کو اس وقت تک جاری رکھیں گے جب تک گلگت بلتستان کو آئینی حقوق نہیں دیے جاتے۔

علامہ اعجاز بہشتی کا مزید کہنا تھا کہ ہار جیت سیاسی میدان کا حصہ ہیں ،مجلس وحدت مسلمین کا اصل حدف محروم عوام کو ان کے حقوق دلانا اور ظالموں سے مقابلہ کرنا ہے، ہم گلگت بلتستان سمیت ملک کے ہر کونے میں مظلوموں کی آواز پر لبیک کہیں گے کامیابی ملنا یا نہ ملنا ہماری منزل نہیں ہیں، ہم مظلوم اور بے یارومددگار لوگوں کی مدد کرنا اور ان کی حقوق کی آواز کو بلند کرنا اپنا شرعی فریضہ سمجھ کر ادا کرتے ہیں، لہذا یا فتح نصیب ہوگی یا شہادت کو گلے لگایں گے مگر کھبی کسی ظالم کے سامنے نہیں جھکیں گے نہ ہی کسی کے حقوق کو پامال ہونے دیں گے۔

وحدت نیوز (لاہور) مجلس وحدت مسلمین لاہور کی ضلعی شوریٰ کا اجلاس، اجلاس کی صدارت سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین لاہور علامہ امتیاز کاظمی نے کی۔ اجلاس میں لاہور کے ستر سے زائد یونٹس کے سیکرٹری جنرلز اور ڈپٹی سیکرٹری جنرلز سمیت مبصر اراکین نے شرکت کی۔ امامیہ مسجد سمن آباد میں منعقدہ اجلاس میں بلدیاتی الیکشن میں بھرپور حصہ لینے کے فیصلے کے ساتھ کسی بھی جماعت سے اتحاد یا الائنس بنانے کا اختیار پولیٹکل سیل کو دے دیا گیا۔ لاہور میں یوم علیؑ کے جلوس اور یوم القدس کی ریلی کی فول پروف سکیورٹی کا مطالبہ کیا گیا، کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لئے چھوٹی تنظیموں کو مرکزی ریلی القدس اسلام پورہ تا اسمبلی ہال تک میں شرکت کرنے کی ہدایت کی گئی۔ اجلاس کے آخری سیشن میں مرکزی رہنما مجلس وحدت مسلمین سید ناصر شیرازی نے خصوصی خطاب کیا۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ بلدیاتی الیکشن میں بھرپور حصہ لیں گے، نون لیگ ہمارے خلاف انتقامی کارروائیوں میں مصروف ہے، گلگت بلتستان میں ہمارے مینڈیٹ پر شب خون مارا گیا، حکمرانوں کی نااہلی کے سبب ملک میں ہر چیز کا بحران ہے۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سب سے زیادہ قربانیاں ہم نے دی ہیں اور نیشنل ایکشن پلان کے تحت پاکستان کے پرامن اور دہشت گرد مخالف قوتوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، پنجاب بھر میں ہمارے پرامن اور محب وطن کارکنان کو ہراساں کیا جا رہا ہے، کالعدم جماعتوں کو پنجاب میں مکمل آزادی حاصل ہے، جنوبی پنجاب ایک اور وزیرستان کی شکل اختیار کرتا جا رہا ہے، جب سے دہشت گردوں کے حامی اور سانحہ ماڈل ٹاوُن کے مرکزی کردار وزیر کو بحال کیا گیا ہے، دہشت گردوں کو پنجاب میں پھر سے پرٹوکول ملنا شروع ہوگیا ہے، سنی اتحاد کونسل کے سربراہ صاحبزادہ حامد رضا پر حملہ اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ سید ناصر شیرازی کا کہنا تھا کہ کراچی میں بارہ سو سے زائد اموات کی ذمہ دار وفاقی و صوبائی حکومتیں ہیں، اعلٰی عدالت کراچی کے اس المناک واقعے کے خلاف فوری ایکشن لے اور ذمہ داروں کو قرار واقعی سزا دے، بصورت دیگر عوام خود ان حکمرانوں کا احتساب کرنے نکلیں گے، پاکستانی قوم اب ان لٹیروں کو جان چکی ہے، ان کے اقتدار کا اصل ہدف تجارت کے ذریعے اپنے سرمایہ میں اضافہ کرنا ہے، عوامی بنیادی مسائل سے ان کو کوئی دلچسپی نہیں۔

وحدت نیوز(سکردو) مجلس وحدت مسلمین پاکستان بلتستان ڈویژن کے سیکرٹری جنرل علامہ آغا علی رضوی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ دنیا بھر کی اسلامی تحریکوں کی طرح پاکستان میں اسلامی تحریک پاکستان کو ہم قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، روش و نظریات میں اختلافات کے باوجود اسلامی تحریک دینی جماعت ہونے کے ناطے سب سے زیادہ قابل احترام ہے۔ ایک دوسرے سے سیاسی اختلاف، اختلاف نظری و اختلاف عملی کا مطلب یہ ہرگز نہیں کہ اسلامی تحریک اور مجلس وحدت مسلمین دشمن جماعت ہوں، ہر کسی کی اپنی پالیسی اور اپنا طریقہ کار ہوتا ہے۔ جیسا کہ انتخابات میں بعض مقامات پر اسلامی تحریک کی پالیسی کچھ تھی بعض پر کچھ اور تھی، ان تمام فیصلوں کا وہ لوگ اختیار رکھتے تھے اور مجلس وحدت بھی اپنی پالیسی اور اپنا طریقہ کار رکھتی تھی۔ لہٰذا ایک دوسرے کے خلاف بدترین الزامات عائد کرنا اور توہین آمیز بیانات دینا دینی جماعت ہونے کے ناطے یوں تو عام حالت میں نامناسب ہے بالخصوص رمضان المبارک میں انتہائی نامناسب ہے۔ رمضان المبارک رحمتوں اور مغفرتوں کا مہینہ ہے، ایک دوسرے سے اختلافات اور دوریاں ہوں بھی تو بخشش کا مہینہ ہے، کسی کی شان نہیں کہ وہ اپنی پالیسی کے مطابق دوسری جماعت نہ چلے تو اس کے خلاف ایسی باتیں، ایسے الزامات لگائیں جو دینی جماعت ہونے کے ناطے میل نہ کھاتے ہوں۔ انہوں نے کہا کہ میں دونوں جماعتوں کے رہنماوں سے گزارش کرتا ہوں کہ جس طرح انتخابات میں ایک دوسرے کی پالیسی مختلف تھی، اپوزیشن بناتے وقت بھی پالیسی اختلاف تھا، اس کی وجوہات جو بھی ہوں، لیکن دونوں طرف سے ایسے بیانات دینا جو دوریوں کو جنم دیں، مناسب نہیں ہیں۔

اسلامی تحریک کے سربراہان ہمارے لئے دیگر تمام جماعتوں کے سربراہوں سے بہت عزیز ہیں اور ہمارے نزدیک انکا بہت احترام ہے۔ میڈیا اور سوشل میڈیا میں جس طرح یہ جماعتیں ایک دوسرے کے پیچھے ہیں، نہایت نامناسب ہے۔ کم از کم رمضان کے احترام میں ہی اپنی سرگرمیوں پر نظر کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح ملک بھر میں اسلامی تحریک سربراہ ایم ایم اے کا حصہ ہیں اور جے یو آئی کی حمایت کرتے ہیں اور رابطے میں ہیں، اسی طرح گلگت بلتستان کے مخصوص حالات اور اتحاد بین المسلمین کے تناظر میں لیبرل سیاسی جماعتوں کی نسبت جے یو آئی کے کسی ایک فرد کی حمایت کرنا، وہ بھی مخصوص حالات کے سبب، جنکا ذکر مناسب نہیں، کوئی اتنا بڑا مسئلہ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم تمام اسلامی جماعتوں کو ملک بھر میں اتحاد کی دعوت دیتے ہیں، خلوص نیت سے دعوت دیتے ہیں، ہماری کوشش ہے کہ عالم اسلام اتحاد و اتفاق کی ایک عظیم کڑی میں منسلک ہو، تکفیری اپنی روش اور دہشتگرد ملک چھوڑنے پر مجبور ہوں۔ گلگت بلتستان میں مسلمانوں کی تمام جماعتوں اور گروہوں اور حق کی خاطر آواز بلند کرنے والوں کو اتحاد کی لڑی میں پرونا ہماری آرزو ہے۔ دیامر سے سیاچن اور سست سے کھرمنگ تک اتحاد و محبت کی فضا قائم کرنے کے لئے ہر در پہ جانے کے لئے اور ہر مشکل سہنے کے لئے تیار ہیں، چاہے اس راہ میں ہمیں جانیں بھی دینی پڑیں، ہم اتحاد بین المسلمین کی راہ میں دے دیں گے اور انشاءاللہ ہمارا یہ سفر جاری رہے گا۔

وحدت نیوز (کراچی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ امین شہیدی نے کہا ہے کہ عالمی استعماری طاقتیں بالخصوص امریکہ، برطانیہ اور اسرائیل عالم اسلام کے لئے سب سے بڑا خطرہ ہیں۔ داعش، طالبان اور القاعدہ سمیت دیگر بین الاقوامی دہشت گرد تنظیموں کا ڈایا گرام انہی استعماری قوتوں کا تیار کردہ ہے، تاکہ اقوام عالم کے سامنے اسلام کی تصویر ایک بھیانک اور غیر انسانی مذہب کے طور پر پیش کی جاسکے، حکومت یوم علی علیہ السلام و یوم القدس کے جلوسوں کو خصوصی سکیورٹی فراہم کرے، کالعدم جماعتوں کے خلاف آپریشن سے ملک میں امن و امان قائم ہوسکتا ہے، کراچی آپریشن کو سیاست کی نظر نہ کیا جائے، زید حامد پاکستانی قوم کا بیٹا ہے، حکومت اداروں کی مجرمانہ خاموشی قابل مذمت ہے، زید حامد کو ظلم کے خلاف آواز بلند کرنے کی سزا دی جارہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین کے رہنماؤں بشمول علامہ امین شہیدی، علامہ علی انور جعفری، علامہ صادق جعفری، علامہ مبشر حسن، علامہ احسان دانش، سید رضا امام نقوی، ناصر حسین الحسینی سمیت دیگر نے کراچی پاک محرم ہال میں ایک پُر ہجوم پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔

علامہ امین شہیدی نے کہا کہ عالمی دہشت گرد تنظیم داعش پاکستان میں اپنی فکری بنیادیں مضبوط کرنے کے لئے پوری سرعت کے ساتھ سرگرم ہے، ان مذموم مقاصد کی تکمیل کے لئے کالعدم مذہبی تنظیمیں اور متشدد فکر کی حامل ہم خیال مذہبی شخصیات ان کی بھرپور معاونت کر رہی ہیں، ایسے عناصر اور ان سہولت کاروں پر اگر فوری اور مضبوط ہاتھ نہ ڈالا گیا تو پھر وطن عزیز کو ان دہشت پسند گروہوں کے چنگل سے چھڑانا آسان نہیں رہے گا۔ علامہ امین شہیدی کا کہنا تھا کہ طالبان اور لشکر جھنگوی سمیت دیگر کالعدم مذہبی جماعتوں کے ساتھ ماضی میں مفاہمتی پالیسی اپنائی گی، جس کے نتائج اسی ہزار لاشوں کے تحفوں کی صورت میں سامنے آئے، اس کے علاوہ ملک کو اقتصادی و معاشی بدحالی کا سامنا کرنا پڑا اور پوری دنیا میں پاکستان کا امیج بُری طرح متاثر ہوا۔ انہوں نے کہا القدس پر جابرانہ صیہونی تسلط ساری دنیا کے مسلمانوں کے لئے چیلنج ہے، قبلہ اول کی آزادی کے لئے تمام دنیا کے مسلمانوں کو اسرائیلی عزائم کے خلاف مل کر شدید ردعمل کا اظہار کرنا چاہیئے۔ اس سلسلے میں امام خمینی ؒ کے فرمان کے مطابق مظلومین سے اظہار یکجہتی کے لیے دنیا بھر میں یوم القدس ریلیاں منعقد کی جائیں گی۔ جن کا مقصد مظلومین سے اظہار ہمدردی اور غاصب اسرائیل سے نفرت کا اعلان ہے۔

علامہ امین شہیدی نے کہا کہ انیس سے اکیس رمضان المبارک ملک بھر کی طرح شہر قائد میں مجالس و جلوس عزاء کا سلسلہ شروع ہو جائے گا، اس سے قبل وفاقی و صوبائی حکومت کو چاہئے کہ ان مجالس و جلوس عزاء کے پروگرامات کو مکمل سیکورٹی فراہم کریں اور کراچی کے بیش تر علاقوں میں بلدیاتی کاموں کو ہنگامی بنیادوں پر مکمل کر لیا جائے، تاکہ ان ایام میں عزادران کو مشکلات پیش نہ آئیں۔ یوم علی ؑ کے موقع پر ملک بھر میں مجالس و جلوس کے پروگرام منعقد کئے جاتے ہیں۔ کسی بھی ممکنہ دہشت گردی کے پیش نظر انتظامیہ کی طرف سے قبل از وقت سکیورٹی اقدامات انتہائی ضروری ہیں۔ علامہ امین شہیدی نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ یوم علیؑ اور یوم القدس کی ریلیوں کے دوران فول پروف سکیورٹی فراہم کرے، جس کی کُلی ذمہ داری انتظامیہ پر عائد ہوتی ہے۔ انتظامیہ کو چاہیئے کہ ان اہم مواقعوں پر سکیورٹی کے غیر معمولی اقدامات کئے جائیں، تاکہ دشمن کو کسی بھی شرپسندی کی کوشش میں کامیابی حاصل نہ ہوسکے، بصورت دیگر کسی بھی ناخوشگوار صورتحال کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ انتظامیہ پر ہوگی۔ علامہ امین شہیدی نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ وہ سعودی جیل میں قید دفاعی تجزیہ نگار زید حامد کی رہائی کیلئے اقدامات کریں، بین الاقوامین قوانین کے مطابق اگر وہ مجرم ہیں تو مقدمہ اور سزا کا اختیار پاکستانی حکومت کو ہے انہیں فوری وطن واپسی لانے کے اقدامات کئے جائیں۔

وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی جنرل سیکریٹری علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نےاپنی جانب سے راولپنڈی  اسلام آباد کی تمام ماتمی انجمنوں  ، ملی تنظیموں اور شخصیات کے اعزاز میں دی گئی دعوت افطار سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت نیشنل ایکشن پلان کو دانستہ طور پر ناکام کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ملک میں اسی ہزار بے گناہ انسانی جانوں کے خون سے ہاتھ رنگنے والی کالعدم تنظیموں کے خلاف کاروائی سست روی کا شکار ہے جس سے اس پلان کی افادیت ماند ہوتی ہوئی دکھائی دے رہی ہے۔سانحہ پشاور، راولپنڈی بم دھاکہ،شکارپور اور ملک میں ہونے والے دیگر ان گنت سانحات کے ذمہ داران کی تاحال عدم گرفتاری اس بات کا ثبوت ہے کہ حکومت نے دہشت گردی کی یہ جنگ تنہا فوج پر چھوڑ رکھی ہے اور خود زبانی دعووں سے کام چلایا جا رہا ہے۔ملک کے اٹھارہ کروڑ عوام اس تذبذب میں مبتلا ہیں کہ نون لیگ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں پر ہاتھ ڈالے سے آخر کیوں گریزاں ہے۔ہمار ا مطالبہ ہے کہ نیشنل ایکشن پلان کو کھوکھلا نعرہ بنانے کی بجائے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے موثر ہتھیار کے طور پر استعمال کیا جائے۔ اس وقت تک دہشت گردی کے خلاف جنگ میں افواج پاک کی لازوال قربانیاں لائق تحسین ہیں۔ ملک میں جاری دہشت گردی کا سب سے زیادہ نقصان ملت تشیع اور پاکستان کی فوج کو اٹھانا پڑا۔ اس نقصان کا ازالہ تبھی ممکن ہے جب ملک میں موجود آخری دہشت گرد کے خاتمے تک یہ جنگ رہے۔انہوں نے کہا نیشنل ایکشن پلان پر حقیقی معنوں میں عمل درآمد کے لیے ضروری ہے تا کہ دہشت گردعناصر کی سرکوبی کے ساتھ ساتھ ان پشت پناہوں پر بھی مضبوط ہاتھ ڈالیں جائیں جو دہشت گردی کی کاروائیوں کو کامیاب بنانے کے لیے ان عناصر کو معاونت فراہم کرتے ہیں۔ملک میں موجود تکفیری گروہوں نے اپنے مفادات کے حصول کے لیے ملک کی سلامتی و بقا کو داو پر لگا رکھا ہے۔اگر فوج طالبان اور دیگر شیطانی قوتوں کے خلاف آپریشن کا فیصلہ نہ کرتی تو آج پاکستان کے گلی کوچے وزیرستان کی تصویر پیش کر رہے ہوتے۔دہشت گردوں کے خلاف کسی حتمی فیصلے کے اظہار میں حکومتی پس و پیش اس حقیقت کو ثابت کرتا رہا کہ اس ملک کے نااہل حکمرانوں میں اتنی ہمت نہیں کی کہ وہ قومی وقار کو پیش نظر رکھ کر کوئی جرات مندانہ فیصلہ کرسکیں۔غاصب حکمرانوں کی ناکارہ پالیسوں نے وطن عزیز کو اقتصادی معاشی طور پر تباہی کے دھانے پر پہنچا دیا ہے جس سے قوم کا ہر فرد مشکلات کا شکار ہے۔اس حکومت نے ہمیشہ عوامی مفادات کے برعکس ایسے فیصلوں کو ترجیح دی جس سے شخصی اور سیاسی فوائد حاصل ہوتے ہوں ۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree