وحدت نیوز(قم) مجلس وحدت مسلمین پاکستان شعبہ قم کے زیراہتمام قائد شہید کی برسی کا پروگرام مدرسہ حجتیہ کی مسجد میں بعد از نماز مغربین منعقد ہوا۔برسی سے ایم ڈبلیو ایم قم کے سیکرٹری جنرل حجۃ الاسلام گلزار احمد جعفری، ڈاکٹر راشد عباس نقوی  اورامور خارجہ کے مسئول حجۃ الاسلام ڈاکٹر شفقت شیرازی  نے خطاب کیا۔مقررین نے شہید کی زندگی کے مختلف ابعاد اور تاریخ پاکستان اور شیعان پاکستان کے مختلف ادوار کو تجزیہ و تحلیل کے ساتھ حاضرین کے سامنے پیش کیا۔پروگرام میں کثیر تعداد میں لوگوں نے شریک ہوکر ایک مرتبہ پھر اپنے مظلوم اور شہید قائد کے ساتھ  اظہار یکجہتی کیا اور شیطان بزرگ اور اس کے حواریوں کو یہ پیغام دیا کہ شہید حسینی کے معنوی اقدار کے وارث زندہ ہیں۔

وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے یوم آزادی کے موقعہ پر پاکستانی قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ارض پاک اللہ تعالی کی طرف سے ہمارے لیے ایک عظیم نعمت ہے۔اس ملک کی ترقی،سالمیت و استحکام میں ہر شخص اپناانفرادی کردار ادا کرکے اس نعمت کا شکر اداکرے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان دنیا کی واحد ریاست ہے جو نظریہ اسلام کے نام پر معرض وجود میں آئی۔ آزادی کی اس نعمت کے حصول میں قائد اعظم محمد علی جناح کی شبانہ روز جدوجہد اورہزاروں افراد کی قربانی شامل ہے۔وطن کی نظریاتی و جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت وطن کے ہر شہری کا اولین فریضہ ہے جس میں کوتاہی حب الوطنی کے تقاضوں سے انحراف ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ جس آزاد ریاست کا خواب قائد و اقبال نے دیکھا تھا وہ ابھی تک شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکا۔ ملک کومختلف حکومتوں کی طرف سے دانستہ طور پر مختلف مسائل کا شکار رکھا گیا۔کبھی جمہوریت کے نام پراقتدار میں آنے والے حکمران لوٹنے میں مصروف رہے تو کبھی آمرانہ حکومتوں نے اختیارات کے ناجائز استعمال سے ملک کو یرغمال بنائے رکھا۔اس ملک کو غیر مستحکم کرنے میں ان موروثی سیاستدانوں اور جاگیرداروں کا بھی بڑا کردار رہا ہے جو ذہنی طور پر آج بھی انگریز کے غلام ہیں۔اقتدار کے رسیا وہ حاکم جواپنے اقتدار کی بقا اور طوالت کے لیے قومی عزت نفس اور ملکی مفاد کو داو پر لگاتے رہے انہوں نے اس ملک کو آج تک بیرونی ڈکٹیشن سے آزاد نہیں ہونے دیا۔آج کے دن ہم سب نے مل کر اس ارض پاک سے عہد کرنا ہے کہ اسے نہ صرف دہشت گردی اور کرپشن کی لعنت سے آزادی دلائیں گے بلکہ ہر اس استعماری و طاغوتی قوت سے بھی نجات دلائی جائے گی جو عالمی طاقت اور اختیارات کے زعم میں مبتلا ہو کرہمیں اپنے احکامات کے تابع رکھنا چاہتی ہے۔علامہ ناصر عباس نے مجلس وحدت مسلمین کے تمام ضلعی و صوبائی دفاتر کو ہدایت کی ہے کہ وہ جشن آزادی کے موقعہ پر دفاتر کو قومی پرچم اور برقی قمقموں سے آراستہ کریں اور وطن عزیز کی ترقی و خوشحالی کے لیے دعائیہ تقاریب کا انعقاد کیا جائے۔اس سلسلے میں ملک کے مختلف شہروں میں وحدت سکاوٹس کی طرف سے جشن آزادی ریلیاں بھی نکالی جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ جشن آزادی کے اس موقعہ پر اپنے ان شہدا ء کو فراموش نہ کیا جائے جنہوں نے وطن عزیز کی حفاظت کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا اور ملک دشمنوں کے خلاف سیسہ پلائی ہوئی دیوار ثابت ہوئے۔

وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مختار امامی نے وحدت ہاوس میں صوبائی اور ڈویژن کابینہ کے اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان لاکھوں بہادر لوگوں کی جانی و مالی قربانیوں کا حاصل ہے، یہ قربانیاں ایک عظیم مقصد کے لیے دی گئی، وہ عظیم مقصد خطے کے حصول کے لیے تھا، جس پر اسلام کے سنہری اور پاکیزہ حصول کا عملی اجرا کیا جا سکے، بد قسمتی سے پاکستان اور اسلام دشمن عناصر نظریہ پاکستان پر ضرب لگانے لے لیے عالمی طاقتوں کے ایماء پر پاکستان میں، گروہی لسانی، مذہبی گروہ بندیوں میں اس حد تک تقسیم کر رہا ہے کہ نظریہ پاکستان کی روح دھندلا جائے۔ آزادی کے بعد سے اب تک پاکستان نے بہت سی مصیبتں برداشت کیں اور یہ سفر اتنا ہی مشکل اور کٹھن تھا جتنا پاکستان بننے میں تھا، اس سرزمین کے باوفا بیٹے اس پاک سر زمین کے دفاع کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ دیتے آئے ہیں اور دیتے رہیں گئے، مجلس وحدت مسلمین اور ملک بھر میں محبت کرنے والے شیعہ، سنی عوام اس ملک کا حقیقی نظریاتی و جغرافیائی دفاع ہیں۔ یہ وجہ ہے کہ بد ترین دہشت گردی اور ظلم و ستم کے باوجود دشمن کامیاب نہیں ہو سکا، کیونکہ اس پاک وطن کی مٹی میں شہیدوں کا لہو شامل ہے، اگر کوئی اس ملک سے غداری کرنا بھی چائے تو شہدوں کا لہو اسکی حفاطت کرتا ہے۔

علامہ مختار امامی نے کہا ہے کہ 14 اگست کو قائد اعظم نے پاکستان کا تحفہ دیا، یو م آزادی اس تجدید عہد کا دن ہے، وطن عزیز کی حفاظت اور ترقی ہماری ذمہ داری ہے، اس کی ترقی کے لیے تمام مذہبی، سیاسی، ثقافتی ہم آہنگ جماعتیں ملکر قومیت کے بْت توڑ دیں، ہمیں یک جان ہو کر دہشت گردی کے کینسر کے خلاف اعلان جنگ کرنا ہو گا۔ ہمارا عہد ہے کہ خون کے آخری قطرئے تک ہم پاک فوج کے شانہ بشانہ اس وطن کا دفاع کریں گئے۔انہوں نے نئی نسل کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کو چاہیے قائد اعظم محمد علی جناح اور علامہ ڈاکٹر محمد اقبال کو اپنا رول ماڈل بنائیں۔

وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات سید علی احمر زیدی نے انسداد الیکٹرانک جرائم بل (سائبر کرائمز بل)کی پارلیمنٹ سے منظوری پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مذکورہ بل کی متعدد شقیں اظہار رائے کی آزادی سے متصادم ہیں۔حکومت کے نامناسب اقدامات کے خلاف آواز بلند کرنا عوام کا جمہوری حق ہے۔ عوام سے یہ حق نہ چھینا جائے۔انہوں نے کہاکہ عوامی ردعمل حکومت کے درست سمت کے تعین میں رہنما ثابت ہوتا ہے۔اس لیے اس آواز کو دبانا حکومت کے اپنے مفاد میں بھی نہیں۔ جمہوری معاشروں میں اظہار رائے کی آزادی اورجائز تنقید کو جمہوری طرز حکومت کا حُسن سمجھا جاتا ہے۔پاکستان ایک جمہوری ریاست ہے جہاں عوام کو حکومت پر بجا تنقید کا آئینی حق حاصل ہے۔انہوں نے کہا کہ اس بل میں اصلاحات انتہائی ضروری ہیں۔دہشت گردی کے خاتمے کے لیے قوانین مزید سخت کرنا ہوں گے۔سوشل میڈیا پر تکفیریت و انتہاپسندی کے پرچار کو قومی مفاد اور ملکی سالمیت کےخلاف جرم تصور کرتے ہوئے سخت ترین سزا کا تعین ہونا چاہیے۔

وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان سندھ کے سیکریٹری جنرل علامہ مقصود ڈومکی نے کہا ہے کہ ملک کو قائد و اقبال کا پاکستان بنانے تک ایم ڈبلیو ایم کی احتجاجی تحریک جاری رہے گی، نیشنل ایکشن پلان پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے، اب قومی سلامتی کے نام پر اجلاسوں میں محض گفتند، نشستند، برخاستند سے کام نہیں چلے گا، جشن یوم آزادی کے حوالے سے تیرہ اگست کی شب کو کراچی سمیت سندھ بھر میں اہم مقامات پر چراغاں کیا جائے گا، 14 اگست کو مزار قائد پر حاضری اور صوبے بھر میں سیمینارز، ریلیاں، جلسے بھی منعقد کئے جائیں گے۔ وہ صوبائی دفتر وحدت ہاو ¿س کراچی میں صوبائی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم سندھ کے سکریٹری جنرل علامہ مقصود ڈومکی نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان پر مکمل عملدرآمد سے گریز اور دہشتگردی کے خاتمے کے حوالے سے حکومت اور ریاستی اداروں کی غفلت ملکی سالمیت و بقاءکیلئے خطرناک اور انتہائی تشوشناک ہے، اس سے قبل کے عوام سڑکوں پر نکل آئے، حکمران اور ریاستی ادارے ہوش کے ناخن لیتے ہوئے نیشنل ایکشن پلان پر اسکی روح کے مطابق مکمل عملدرآمد کو فی الفور یقینی بنایا جائے، کیونکہ اب قومی سلامتی کے نام پر اجلاسوں میں محض گفتند، نشستند، برخاستند سے کام نہیں چلے گا۔

انہوں نے کہا کہ تاثر عام ہے کہ ہر سانحے کے بعد سیاسی اور عسکری قیادتوں کا دہشتگردوں کیساتھ پوری قوت سے نمٹنے کا اعلان اب ایک روایت بن چکا ہے، ملت تشیع سربراہ پاک فوج کے ملک بھر میں دہشتگرد عناصر کیخلاف کومبنگ آپریشن کے اعلان کو خوش آئند سمجھتی ہے، لیکن اسے روایت سے ہٹ کر ایک عملی اقدام میں ڈھالنے کی ضرورت ہے۔ صوبائی سیکریٹری جنرل کا کہنا تھا کہ محب وطن ملت تشیع پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کے ہمراہ دہشتگردی اور لاقانونیت کے خاتمے کیلئے میدان میں سرگرم عمل ہے، تاکہ وطن عزیزکو قائد کے خوابوں کے مطابق ایک پ ±رامن اور عظیم ریاست بنایا جا سکے، ملک کو قائد و اقبال کا پاکستان بنانے تک ایم ڈبلیو ایم کی احتجاجی تحریک جاری رہے گی۔ صوبائی اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ 14 اگست یوم آزادی مملکت خداداد پاکستان کے حوالے سے تیرہ اگست کی شب کو کراچی سمیت سندھ بھر میں اہم مقامات پر چراغاں کیا جائے گا، 14 اگست کو ایم ڈبلیو ایم کا وفد علمائے کرام کی قیادت میں مزار قائد پرحاضری دیگا، جبکہ یوم آزادی کی مناسبت سے کراچی سمیت صوبے بھر میں سیمینارز، ریلیاں، جلسے منعقد کئے جائیں گے۔

وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کوئٹہ میں دہشت گردی کے المناک واقعہ کے دوسرے ہی دن بعد ہونے والے بم دھماکہ پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ انتہا پسند عناصر سیکورٹی اداروں کے لیے چیلنج کی شکل اختیار کر تے جا رہے ہیں۔ریاستی اداروں کی یہ بے بسی پوری قوم کے اضطراب کا باعث ہے۔عوام یہ سوچنے پر مجبور ہے کہ دہشت گردی سے نمٹنے اور نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمدکے لیے سیاسی و عسکری قوتیں اگر ایک پیج پر ہیں تو پھرکالعدم جماعتوں کے خلاف فوری آپریشن میں کونسی رکاوٹ حائل ہے۔حکمران اور فوج دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف کاروائی کرے پوری قوم ان کا ساتھ دے گی۔دہشت گردی کے عفریت کو جڑ سے اکھاڑ پھینک کر ملک کو ترقی و استحکام کی راہ پر گامزن کرنے کا اب وقت آ گیا ہے۔ تاکہ وطن عزیزکو قائد کے خوابوں کے مطابق ایک پُرامن اور عظیم ریاست بنایا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان سمیت ملک بھر میں دہشت گردوں کے خلاف بھرپور آپریشن سے ہی انتہا پسندی کے خلاف حکومت کی غیر سنجیدگی کے تاثر کو زائل کیا جا سکتا ہے ۔اس وقت وطن عزیز اپنے نازک ترین دور سے گزر رہا ہے۔بیرونی خلفشار،داخلی جارحیت اور عدم تحفظ کے بڑھتے ہوئے احساس نے ملک کی سالمیت واستحکام کو شدید خطرات سے دوچار کر رکھا ہے۔ملک کی تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں کو انتہا پسندی کے خلاف ایک موقف اختیار کرتے ہوئے فوری اور فیصلہ کن آپریشن کی راہ ہموار کرنا ہو گی۔کسی بھی کالعدم جماعت اورگروہ جو ملکی مفادات کے منافی سرگرمیوں میں مصروف ہے کو انصاف کے کٹہرے میں لایاجائے۔

 انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے دہشت گردوں کے خلاف کاروائی کا اظہار جس بھرپور عزم سے کیا گیا ہے اس عزم کے ساتھ اس پر عمل درآمد بھی انتہائی ضروری ہے۔متعدد بارحکومتی سطح پر اس بات کو دھرایا جا چکا ہے کہ بلوچستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں کالعدم مذہبی جماعتیں ملوث ہیں جنہیں بھارتی خفیہ ایجنسی را اور دیگر ملک دشمن قوتیں وسائل فراہم کر رہی ہیں۔لیکن یہ امرحیران کن ہے کہ اُن غیر ملکی ایجنسیوں اور کالعدم جماعتوں کے خلاف اقدامات کیوں نہیں کیے جاتے۔جن کا اصل ہدف اقتصادی راہدری اور وطن عزیز کی ترقی و خوشحالی کی راہ میں روڑے اٹکانا ہے۔ان ناپاک عزائم کو ناکام بنانے کے لیے انتہاپسندوں کی بیخ کنی حکومت کی اولین ترجیح قرار دی جانی چاہیے۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree