وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ مبارک موسوی نے لاہور میں عزاداری سیل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تفتان بارڈر اور کوئٹہ میں زائرین امام حسین کو حکومتی بے حسی اور نااہلی کے سبب مشکلات کا سامنا ہے، حکومت اپنی ذمہ داری پوری کرے اور زائرین کے سفر میں حائل رکاوٹوں کو فوری ختم کرے۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ اور تفتان میں سکیورٹی اور امیگریشن عملے کی کمی کے سبب ہزاروں زائرین مشکلات سے دوچار ہیں، وفاق اور بلوچستان حکومت کی عدم دلچسپی کے سبب تفتان میں کھلے آسمان تلے لوگ اس سردی کے موسم میں بے یارومددگار پڑے ہیں، زائرین سراپا احتجاج ہیں اور حکمرانوں کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگتی، ہم وفاقی وزیر داخلہ اور بلوچستان حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اپنی ذمہ داریاں ادا کرتے ہوئے زائرین کو منزل کی طرف روانہ کریں بصورت دیگر کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی ذمہ داری حکومت پر عائد ہوگی۔
وحدت نیوز (گلگت) مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان شعبہ خواتین کی کوارڈینیٹر سائرہ ابراہیم نے یوم حضرت سکینہ (س) کے موقع پر قصر حضرت ابو طالب (ع) برمس میں خواتین کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ذکر حسین ؑ کے بغیر ہماری زندگی کی کوئی اہمیت نہیں، ہم اپنا سب کچھ تو قربان کرسکتے ہیں، لیکن حسینؑ اور حسینت کا پرچم بلند رکھیں گے، چاہے اس کیلئے ہمیں اپنے بچوں کو قربان کرنا پڑے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی یہ بھول ہے کہ ہم اپنے موقف سے پیچھے ہٹیں گے، نہیں یہ ہرگز نہیں ہوسکتا۔ سرزمین گلگت بلتستان میں حسینی پروانے بیدار ہوچکے ہیں، اب ظلم کو پروان چڑھانے والوں کی خیر نہیں ہوگی۔ ہمارے بیٹے ملک عزیز کی سرحدات کی حفاظت کرنے والے ہیں، ہمارے بھائی ضرب عضب میں قربان ہو رہے ہیں، سی پیک کی حفاظت ہماری ذمہ داری ہے، ملک کو خطرات سے بچانا ہمارے عقیدے میں شامل ہے، ہماری رگوں میں حسینی خون گردش کر رہا ہے اور ہم کسی ظالم کے سامنے جھکنے والے نہیں اور یہ درس ہمیں کربلا والوں نے دیا ہے۔ نواز لیگ کی حمایت پر کمر بستہ ممبران اسمبلی نوشتہ دیوار پڑھ لیں، اب ان کے اقتدار کا سورج غروب ہونے کو ہے۔ اقتدار کی کرسی کسی کے ساتھ وفا نہیں کرتی، لہٰذا بہتر یہ ہے کہ نواسہ رسول کے پیروکاروں سے تصادم لینے کی بجائے ان کا ساتھ دیں۔ انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت ہمیشہ سے عوام کی ترجمانی کرتی رہی ہے، ہر ظلم کے سامنے سینہ تان کر کھڑی ہے اور آج بھی گلگت بلتستان میں یوم حسین ؑ پر پابندی کیخلاف عوامی احتجاج میں عوام کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ ہم جانتے ہیں کہ حکومت کے ارادے ٹھیک نہیں اور خطے میں فرقہ وارانہ کشیدگی کو ہوا دینا چاہتی ہے، تاکہ اپنے اقتدار کو طول دے سکے، لیکن یہ یاد رکھے کہ اب ان کا یہ حربہ کارگر نہیں ہوگا۔
وحدت نیوز (اسلام آباد) قومی اسمبلی کے سابق ڈپٹی سپیکر فیصل کریم کنڈی نے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری سید ناصر شیرازی سے ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی سیکرٹریٹ میں ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ ضرب عضب کی کامیابی پاکستان کی کامیابی ہے۔جو نادیدہ قوتیں ضرب عضب کو ناکام بنانا چاہتے ہیں ان کوسوائے ناکامی کے اور کچھ نہیں ملے گا۔پاک چین اقتصادی راہدری پاکستان کے معاشی استحکام اور ترقی کے لیے انتہائی ضروری ہے۔کچھ عالمی طاقتیں اور خلیجی ممالک سی پیک کی تعمیر کو اپنے مفادات پر کاری ضرب تصور کرتے ہیں ۔یہی وجہ ہے کہ اس اہم منصوبے کی راہ میں رکاوٹیں پیدا کر رہے ہیں۔ہمارے پڑوسی ملک بھارت کا اس میں انتہائی گھناؤنا کردار ہے۔ وہ بلوچستان میں دہشت گردی کی کاروائیوں میں مصروف ہیں تا کہ یہ معاملہ کھٹائی میں پڑا رہے۔ ملک کی تمام سیاسی و مذہبی جماعتیں اور فوج کی اعلی قیادت پورے عزم ،جرات اور ولولے کے ساتھ سی پیک کی تکمیل کی جانب سفر جاری رکھے ہوئے ہیں جو لائق تحسین ہے۔
انہوں نے کہا کہ گوادر پورٹ کا عملی آغاز ملکی ترقی کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔جس پر پوری قوم مبارکباد کی مستحق ہے۔سی پیک منصوبے میں گلگت بلتسان کے عوام کو نظر اندازکرنے کی کوشش اس کی افادیت کو متاثر کرنے کے ساتھ ساتھ پاکستان کی اس اکثریت آبادی کے لیے مایوسی کا باعث بنے گی جن کا تحریک پاکستان سے قیام پاکستان تک اہم اور نمایاں کردار رہا ہے۔دہشت گردی کے حوالے سے دونوں رہنماؤں نے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان کے تمام نکات پر عمل درآمد کے ذریعے اس ناسور کو جڑ سے اکھاڑا جا سکتا ہے۔دہشت گردوں عناصر کی پشت پناہی ملک کی کالعدم مذہبی جماعتیں کر رہی ہیں۔جب تک ان سہولت کاروں کے خلاف کاروائی نہیں کی جاتی تب تک امن و امان کا قیام ممکن نہیں اوراس پر ملک کی تمام معتدل اور ہم خیال قوتوں کا موقف بالکل واضح اور شفاف ہے ۔فیصل کریم کنڈی نے مجلس وحدت مسلمین کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں شیعہ سنی اتحاد و اخوت کے لیے اس جماعت کی کاوشیں لائق تحسین ہیں۔اپنے حقوق کی لیے انہوں نے ہمیشہ آئین و قانون اوراقدار کی پاسداری کی۔انہوں نے قائد وحدت علامہ ناصر عباس جعفری کی ہمشیرہ محترمہ کے انتقال پر تعزیت کا بھی اظہار کرتے ہوئے مرحومہ کی بلندی درجات اور پسماندگان کے لیے صبر کی دعا کی ۔
وحدت نیوز (کراچی) صوبائی سیکریٹریٹ مجلس وحدت مسلمین صوبہ سندھ کے زیراہتمام سیاسی ومذہبی رہنمائوں، صحافیوں،ملی تنظیموں،ماتمی انجمنوں اور اسکائوٹس گروپس کے اعزاز میں نیاز حلیم کا اہتمام اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی ترجمان علامہ مختار امامی ،صوبائی رہنما ناصر حسینی،میثم عابدی ،مولانا صادق جعفری اور مولانا نشان حیدر ساجدی نے شرکاء سے خطاب کیا۔
وحدت نیوز (ملتان) تکفیریت نے پھر ایک دفعہ بے گناہوں کا قتل عام کرکے اپنی سفاکیت کا ثبوت دیا،حضرت شاہ نورانی کی درگاہ پر حملہ کرنے والوں کا تعلق اسی سوچ سے ہے جو اپنے سوا سب کو کافر سمجھتے ہیں،ہم اس ظلم و بربریت کی شدیدمذمت کرتے ہیں اور اس المناک واقعے کیخلاف ملک بھر میں تین روزہ سوگ کا اعلان بھی کرتے ہیں،اولیاء اللہ اور ان کے ماننے والوں نے ہمیشہ امن محبت اور رواداری کا پیغام عام کیا،ملک سے دہشتگردی کے ناسور کے خاتمے کے لئے سنجیدہ اقدامات کرنے سے حکمران قاصر ہیں،دہشتگردی کیخلاف جنگ کو مصلحت پسندی کے نذر کیا جارہا ہے،ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کے سیکرٹری جنرل علماہ سید اقتدار حسین نقوی، علامہ قاضی نادر حسین علوی ، محمدعباس صدیقی اور سید ندیم عباس کاظمی نے درگاہ حضرت شاہ نورانی پر بے گناہوں کی شہادت پر تعزیتی اجلاس سے خطاب میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم خانودگان شہداء کے غم میں برابر کے شریک ہیں انشااللہ شہداء کے یہ پاکیزہ لہو تکفیریت کی تابوت میں آخر کیل ثابت ہوگا،کراچی سندھ اور بلوچستان میں ان وطن دشمنوں نے قتل و غارت گر کا بازار گرم کیا ہوا ہے،جب تک ان درندوں کے سیاسی سرپرستوں اور سہولت کاروں کیخلاف کاروائی نہیں ہوتی اس ناسور سے جان چھڑانا ممکن نہیں،علامہ اقتدار حسین نقوی نے دھماکے کے بعد بروقت طبی امداد نہ پہنچانے پر حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کی اتنی بڑی تعداد میں حادثت کا شکار ہونے کے بعد انتظامیہ کی بھر وقت طبی امداد کا نہ پہنچاناالمیہ سے کم نہیں،درگاہ پر سکیورٹی کے انتظامات ان حساس دنوں میں نہ کرنا حکومتی نااہلی کا ثبوت ہے،انہوں نے کہا کہ ملک میں دہشتگردی کے خاتمے کے لئے نیشنل ایکشن پلان پر اس کے روح کے مطابق عملدرآمد کروانا ہوگا،بیلنس پالیسی کے تحت دہشتگردی کے شکار لوگوں کو ہراساں کرکے دہشتگردی کیخلاف جنگ کو متنازعہ بنانے کی سازش ہو رہی ہے،جو ناقابل قبول ہے۔
وحدت نیوز (لیہ) مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کے سیکرٹری تنظیم سازی سید عدیل عباس زیدی نے ضلع لیہ میں ملت تشیع سے تعلق رکھنے والے افراد کو انتظامیہ کی جانب سے ہراساں کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ لیہ ایک پرامن ضلع ہے، تاہم گذشتہ چند ماہ سے مختلف علاقوں میں ملت تشیع سے تعلق رکھنے والے افراد بالخصوص ایم ڈبلیو ایم کے کارکنان کو انتظامیہ کی جانب سے ہراساں کرنے کا سلسلہ جاری ہے، ہم ایک پرامن ملت ہیں، ہم فرقہ واریت، شدت پسندی اور دہشتگردی کو حرام سمجھتے ہیں، نیشنل ایکشن پلان دہشتگردوں کیلئے بنایا گیا تھا اور اسے دہشتگردوں کیخلاف ہی استعمال ہونا چاہیئے، ہم نے اس حوالے سے انتظامیہ سے تعاون کیا ہے اور آئندہ بھی کریں گے، تاہم ضلع لیہ میں ملت تشیع سے تعلق رکھنے والے افراد اور خاص طور پر مجلس وحدت کے کارکنان کو بلاجواز ہراساں کیا جا رہا ہے۔
اپنے ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ ہم ریاستی اداروں کیساتھ تعاون کرنا اپنا شرعی وظیفہ سمجھتے ہیں، تاہم ہرگز ایسے اقدامات کو قبول نہیں کیا جائے گا، جس سے ہمارے لوگوں کو بلاجواز تنگ کیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ گذشتہ چند ماہ سے ملت تشیع کے افراد اور خاص طور پر مجلس وحدت کے کارکنوں کو کبھی بلاجواز تھانوں میں بلایا جا رہا ہے تو کبھی ان کے گھروں، دکانوں اور کاروباری مراکز پر جاکر تنگ کیا جا رہا ہے، مجلس وحدت مسلمین کو ہائیکورٹ کی جانب سے ملک کی انتہائی پرامن مذہبی و سیاسی جماعت قرار دیا گیا ہے اور وہ واضح عدالتی حکم نامہ موجود ہے، اس کے باوجود یہ سلسلہ جاری رہنا عدالتی احکامات کی توہین ہے، اگر یہ سلسلہ نہ تھما تو آئندہ کا لائحہ عمل طے کریں گے۔
۔