وحدت نیوز (لاہور) سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے لاہور میں ضلعی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئےکہا ہے کہ حکومت الطاف حسین کو پاکستان لانے کیلئے سنجیدہ نہیں، سعودی عرب سے 39 ہزار پاکستانیوں کی بے دخلی قابل مذمت ہے، حکمران آئی جی سندھ کی باتوں پر دھیان دیں، کنٹرول لائن پر بھارتی اشتعال انگیزی امن دشمنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کا پارلیمنٹ میں نہ آنا غیر جمہوری رویہ ہے، ریلوے کے کھلے پھاٹک آئے روز حادثات کا سبب بن رہے ہیں جبکہ خادم اعلی اربوں روپے ایک شہر کی میٹرو اور اورنج لائن پر خرچ کر رہے ہیں، ریلوے حادثات کی ذمہ داری خواجہ سعد رفیق پر عائد ہوتی ہے جو ریلوے کی اصلاح کی بجائے کرپٹ وزیراعظم کے دفاع میں مصروف ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹرمپ یہودی لابی کے ہاتھوں میں یرغمال ہے، عدالت حکمران خاندان کو اپنے اثاثے پاکستان منتقل کرنے کا حکم دے، پاناما کیس کے فیصلے کا وقت قریب آنے پر حکمران اور وزراء پر گھبراہٹ طاری ہے۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ سعودی عرب ٹرمپ کے انتہا پسندانہ اقدامات کی حمایت کرکے امت مسلمہ سے غداری کر رہا ہے، امریکہ، بھارت اور اسرائیل کی شیطانی ٹرائیکا دنیا کے امن کیلئے نقصان دہ ثابت ہوگی، اقوام متحدہ کنٹرول لائن پر بھارت کی اشتعال انگیزی کا نوٹس لے، بھٹو کی پھانسی کی وجہ بننے والی تمام شہادتیں سانحہ ماڈل ٹاون کے کیس میں موجود ہیں۔ سانحہ ماڈل ٹاون سے حکمران بچ نہیں سکتے۔ چیئرمین سنی اتحاد کونسل کا کہنا تھا کہ برطانوی حکومت پاکستان کے غداروں کو تحفظ دینے کی پالیسی ترک کرے اور پاکستان کے دشمن الطاف حسین کو پاکستان کے حوالے کرے، اپوزیشن جماعتیں انتخابی اصطلات کیلئے مشترکہ پالیسی اختیار کریں، کمر توڑ مہنگائی نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ ن لیگ کی حکومت اپنے انتخابی وعدے پورے کرنے میں ناکام ہو گئی ہے، پاناما کیس شریف خاندان کی سیاست کو ہمیشہ کیلئے دفن کر دے گا۔

وحدت نیوز (مظفرآباد) شب عاشور2009 مرکزی امام بارگاہ پیر سید علم شاہ بخاریؒ میں ہونیوالے خود کش حملے میں ملوث تین مرکزی ملزمان گرفتار امام بارگاہ پیر علم شاہ بخاری کے باہر 9 محرم الحرام 28 دسمبر 2009 کو خودکش دھماکہ میں 9 افراد کی شھادت ہوئی اور 54 افراد زخمی ہوئے تھے،شہداء میں ایک پولیس کانسٹیبل اور راہ گیر کے علاوہ سید علی امام نقوی،سید عصمت حسین نقوی،سید شہزادکاظمی،سید محمود الحسن نقوی اور سید عامر حسین بھاکری شہید ہوئے تھے۔گزشتہ روز مظفرآباد میں آزاد کشمیر پولیس کے ایڈیشنل ایس پی آصف درانی نے دیگر پولیس آفیسران کے ہمراہ پریس کانفرنس میں بتایا کہ 9 محرم کے دھماکہ کے مرکزی ملزمان ملک محمد اشفاق(سریاں مظفرآباد)،محمد خاقان(ہٹیاں بالا)،عمر فاروق شاہ(نیلم ویلی) کو گزشتہ دنوں گرفتار کر لیا گیا ہے۔ تینوں کا تعلق دہشت گرد تنظیم سے ہے پولیس آفیسر نے بتایا کہ ملک اشفاق  دھماکے کے بعد اپنے خاندان کو شمالی وزیرستان لے گیا تھا۔پولیس کا مزید کہنا تھا کہ مزید کہنا تھا کہ آزاد کشمیر میں دہشت گردی کا نیٹ ورک شامل خان نامی شخص جو دھیر کوٹ کا رہاشی ہے چلا رہا ہے۔ملک محمد اشفاق اس کا قریبی ساتھی ہے اب شامل خان کی گرفتاری کے لیے کوششیں جاری ہیں۔ جواینٹ انٹروگیشن ٹیم تشکیل دے دی گی ہے جس کی تفتیش کے بعد مزید انکشافات متوقع ہیںجے آی ٹی میں حساس ادارے بھی شامل ہونگے۔

اس پریس کانفرنس پر اپنارد عمل دیتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین آزادکشمیر کے رہنماوں علامہ سیدتصور حسین نقوی الجوادی ،علامہ طالب حسین ہمدانی،مولانا زاہد حسین کاظمی،مولانا مجاہد کاظمی،مولانا حمید حسین نقوی،مولانا سید فضائل حسین نقوی،سید محسن رضا جعفری ایڈووکیٹ،سید عاطف ہمدانی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگرچہ دیر آید پر انتظامیہ وپولیس کی اچھی کوشش ہے جسے ہم سراہتے ہیں لیکن اس کے ساتھ یہ خدشہ بھی موجود ہے کہ ان جنونی دہشتگردوں! جنھوں نے حرمت والے مہینہ کے تقدس کو پائمال کیا اور انسانی جانوں کا اتلاف بھی ہوا،کو کہیں سزا سے بچانے کی کوششیںنہ ہورہی ہوں لہذا اعلی عدلیہ سے توقع رکھتے ہیں کہ وہ ارض مقدس کو بے گناہوں کے خون سے نہلانے والے ان جنونی دہشتگردوں کو نہ صرف کیفر کردار تک پہنچائیگی بلکہ انوسٹیگیشن کے نتیجے میں معلوم ہونے والے نیٹ ورک کی تمام کڑیوں کو جوڑ کر ان کے سرپرستوں کوبھی عوام کے سامنے بینقاب کرے گی۔انہوں نے کہا کہ شھداء کے سوگوار خانوادے آج بھی اپنے پیاروں کی یاد میں نہ صرف تڑپ رہے ہیں بلکہ بے چینی سے ان قاتلوں کی گرفتاری کا انتظار کررہے تھے اور اب ان کا انتظار ایک امید میں بدل چکا کہ اعلی عدلیہ ضرور ان کے پیاروں کے قاتل دہشتگردوں کو انجام تک پہچائے گی.

وحدت نیوز (کراچی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ سندھ کے سیکریٹری جنرل علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ حب الوطنی کا تقاضہ یہ ہے کہ پاکستان سے دہشت گردی، کرپشن اور لاقانونیت کا خاتمہ کیا جائے، ہر وہ آواز جس سے تفرقہ کی بو آئے دشمن کی آلہ کار ہے،علماء کرام اتحاد و وحدت کے پیغام کا پرچار کرکے دشمن کی سازشوں کو ناکام بنائیں، آرمی چیف جنرل قمر باجوہ پاکستان کی سالمیت کی خاطر ملک کے اثاثوں پر حملے کرنے والے دہشت گردوں کیخلاف آپریشن کا آغاز کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے صوبائی کابینہ کابینہ کے اجلاس سے خطاب کے دوران کیا۔ اس موقع پر مولانا دوست علی سعیدی ،یعقوب حسین ،مولانا نقی علی ،آفتاب میرانی ،آصف صفوی ۔ناصر حسینی ،شفت لانگا،منور ساجدی اور مختار دایوسمیت دیگر رہنما بھی موجود تھے۔

علامہ مقصود علی ڈومکی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج موجودہ حالات میں ضروری ہے کہ پوری پاکستانی قوم اپنے وطن سے دہشت گردی، کرپشن اور لاقانونیت کے خاتمے کیلئے متحد ہو،جہاں کرپشن ملک کی جڑوں کو کھوکھلا کررہی ہے تو وہیں دہشت گردی کا شکار محب وطن عوام کو ظالموں کی صف میں کھڑا کرنے کی سازشیں ہورہی ہیں، انصاف کا تقاضہ تو یہ ہے کہ ظالم کو اس کے ظلم کی سزا دی جائے اور مظلوم کی داد رسی کی جائے، لیکن ہمارے ریاستی اداروں کا دستور ہی نرالہ ہے کہ بیلنس پالیسی کے نام پر محب وطن عوام کو دہشت گردوں کے برابر کھڑا کیا جارہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر ہمارے ریاستی ادارے پاکستان کی سلامتی چاہتے ہیں تو کالعدم جماعتوں کی سرگرمیوں پر پابندی عائد کرتے ہوئے پاکستان سے دہشت گردی، کرپشن اور لاقانونیت کا خاتمہ کریں۔ ایم ڈبلیو ایم سیکریٹری جنرل نے آرمی چیف جنرل قمر باجوہ سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ پاکستان کی سالمیت کی خاطر ملک کے اثاثوں پر حملے کرنے والے دہشت گردوں کیخلاف آپریشن کا آغاز کریں، تاکہ وطن کو دہشت گردی سے نجات دی جاسکے، اور ملک کے باسی امن و سکون سے زندگی گزار سکیں۔

وحدت نیوز (ملتان) مجلس وحدت مسلمین پاکستان ضلع ملتان کی جانب سے 92 نیوز کی دوسری سالگرہ کے موقع پر وفد نے صوبائی ڈپٹی سیکرٹری جنرل سلیم عباس صدیقی کی قیادت میں  بیورو آفس ملتان کا دورہ کیا.اس موقع پر صوبائی ترجمان ثقلین نقوی. ضلعی سیکرٹری جنرل سید ندیم عباس کاظمی اور وسیم زیدی بھی ہمراہ تھے.وفد نے دوسری سالگرہ کے موقع پر 92 نیوز کی ٹیم کو مبارکباد پیش کی اور سالگرہ کا کیک بھی پیش کیا.تقریب کے آخر میں صوبائی ترجمان ثقلین نقوی نے ملکی سلامتی اور عالم اسلام کے اتحاد کے حوالے سے خصوصی دعا کرائی.

وحدت نیوز (کراچی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ سندہ کے سیکریٹری جنرل علامہ مقصودعلی ڈومکی نے سندہ یونائیٹڈپارٹی کے مرکزی صدر سابق ڈپٹی اسپیکر سید جلال محمود شاہ سے ملاقات کی۔ ملاقات میں سندہ کی سیاسی صورتحال پر غور و خوص کیاگیا۔ اس موقع پر گفتگوکرتے ہوئے علامہ مقصودعلی ڈومکی نے کہا کہ دہشت گردی کے باعث سر زمین سندہ اور ملک بھر میں ہزاروں خاندان متاثر ہوئے ہیں، ہم دہشت گردی کو ناسور سمجھتے ہوئے ملک بھر میں دہشت گردی کے اڈوں ،تربیتی مراکز اور سہولتکاروں کے خلاف بھرپور آپریشن کا مطالبہ کرتے ہیں۔ نیشنل ایکشن پلان کے باوجود دھشت گرد تنظیموں کے جھنڈے اور نفرت انگیز سرگرمیاں ریاستی اداروں کے کردار پر سوالیہ نشان ہیں، ہم سندہ میں مذہبی رواداری کے فروغ کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے ہر قسم کی نفرتوں کا خاتمہ چاہتے ہیں۔سندہ حکومت نے سانحہ شکارپور اور جیکب آباد کے متاثرین سے جو وعدے کئے وہ تاحال پورے نہ ہوئے ، ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ سندہ گورنمنٹ سانحے کے زخمیوں کا مکمل علاج کراتے ہوئے معاہدے پر عمل کرے۔

اس موقع پر سید جلال محمود شاہ نے کہا کہ سندہ یونائیٹڈ پارٹی 26 فروری کودھشت گری، انتہا پسندی اور کرپشن کے خلاف سندہ سطح کا اجتماع کررہی ہے۔سندہ دھرتی اولیائے کرام اور صوفیاء کی سر زمین ہے جس نے ہمیشہ امن و محبت اور احترام انسانیت کا پیغام دیا ہے،ہم وادی مہران میں دہشت گردوں کی سہولتکار کالعدم جماعتوں کی سر گر میوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہیں۔

وحدت نیوز (ساہیوال) مجلس وحدت مسلمین ضلع ساہیوال کے سابق سیکریٹری جنرل ڈاکٹر قاسم علی تکفیری دہشت گردوں کی فائرنگ سے شہید، مسلح دہشت گرد فرار ہونےمیں کامیاب،علاقے میں گشیدگی کاروباری مراکز بند، تفصیلات کے مطابق ساہیوال چک نمبر76/5Rمیں اپنی کلینک پر موجود ڈاکٹر قاسم علی اس وقت کالعدم تکفیری دہشت گرد جماعت کے کارندوں کی بربریت کا نشانہ بننے جب وہ کسی نامعلوم شخص کی فون کال کے بعد کلینک سے نکل کر چوک کی جانب جارہے تھے، شہید کے قریبی ذرائع کے مطابق انہیں کسی شخص نے فون پر کہاکہ آپ کے کچھ عزیز قریبی چوک پر اپ کے منتظر ہیں آپ وہاں آجائیں جیسے ہی ڈاکٹر قاسم اپنی کلینک سے باہر نکلے چند قدم کے فاصلے پر دو مسلح موٹر سائیکل سوار تکفیری دہشت گردوں نے انہیں تین گولیاں ماریں اور باآسانی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، شہید کا جسد خاکی پوسٹ مارٹم کے لئے سول اسپتال منتقل کردیا گیا ہے ، جہاں سے ان کی میت مرکزی امام بارک منتقل کی جائے گی جبکہ نماز جنازہ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا، واضح رہے کہ شہیدڈاکٹر قاسم علی سابقہ تنظیمی دورانیئے میں تین برس مجلس وحدت مسلمین کے ضلعی سیکریٹری جنرل کی حیثیت سے فرائض انجام دیتے رہے ، ان کا شمار ساہیوال کے معروف ڈاکٹرز میں ہوتا تھا، شہید نے پسماندگان میں ایک بیوہ اور تین بچوں کو سوگوار چھوڑا ہے ۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree