وحدت نیوز (گلگت)  محکمہ خوراک کے ملازمین کے مطالبات حقیقت پر مبنی ہیں انہیں دیگر صوبوں کے ملازمین کے برابر سکیل دیا جائے۔جتنے بھی ملازمین کنٹریکٹ پر ڈیوٹیاں سرانجام دے رہے ہیں انہیں مستقل کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔

مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے سیکریٹری امور سیاسیات علام عباس نے اپنے ایک بیان میں حکومت پر زور دیا ہے کہ محکمہ خوراک کے ملازمین کے مطالبات فوری طور پر منظور کئے جائیں تاکہ علاقے میں مصنوعی گندم کی قلت کو دور کیا جاسکے۔ملازمین کے جائز مطالبات اور مسا ئل کو ترجیحی بنیادپر حل کیا جائے تو ملازمین محنت اور لگن سے کام کرینگے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت اپنے طور سے ملازمین کے جائز مسائل حل نہیں کرتی جب تک کہ وہ ہڑتال پر نہ جائیں اور حکومت کی اس روش کی وجہ سے آئے روز کہیں نہ کہیں ہڑتال ہوجاتی ہے جس سے عام آدمی متاثر ہوجاتا ہے ۔محکمہ خوراک کے ملازمین کو بھی ملک کے دیگر صوبوں کے ملازمین کے برابر مراعات لینے کا حق حاصل ہے جس طرح دیگر محکموں کے کنٹریکٹ ملازمین کو مستقل کیا گیا ہے اسی طرح محکمہ خوراک کے عارضی پوسٹوں پر کام کرنے والے ملازمین کو مستقل کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں بھی گندم کی مصنوعی قلت پیدا کرکے محکمے کے اعلیٰ آفیسروں نے زائد گندم کو بلیک مارکیٹ کرکے مال کمایا ہے۔ملازمین کی یہ ہڑتال اعلیٰ آفیسروں کی دانستہ بدنیتی ہے جنہوں نے ملازمین کے مسائل بروقت حل نہ کئے۔انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ کہیںایساتو نہیں کہ ہڑتال کو جواز بناکر گندم بچت کی جائے اور بعد میں بلیک مارکیٹ کیا جائے۔انہوں نے چیف سیکرٹری سے مطالبہ کیا کہ وہ عوام کو گندم کی بروقت ترسیل کو یقینی بنانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔

وحدت نیوز (بھکر) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل سید ناصر عباس شیرازی نے کہا ہے کہ ملک میں موجودہ دہشت گردی کی ذمہ دار وہ قوتیں ہیں، جنہوں نے ملک میں جاری آپریشن ضرب عضب اور نیشنل ایکشن پلان کو ناکام بنانے میں کردار ادا کیا۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے بھکر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ایم ڈبلیو ایم بھکر کے سیکرٹری جنرل سفیر حسین شہانی،سابق  اُمیدوار قومی اسمبلی احسان اللہ خان، آصف رضا ایڈووکیٹ اور دیگر موجود تھے۔

سید ناصر عباس شیرازی کا مزید کہنا تھا کہ مجلس وحدت مسلمین کا ملک بھر میں سیاسی سفر جاری ہے، بھکر اور جنوبی پنجاب میں ایم ڈبلیو ایم کا ایک بڑا ووٹ بینک موجود ہے، جس کی مثال احسان اللہ خان کی شکل میں موجود ہے، جس نے عام انتخابات میں ہزاروں ووٹ حاصل کئے۔ بہت جلد مرکزی سیکرٹری سیاسیات سید اسد عباس نقوی بھکر اور جنوبی پنجاب کا تفصیلی دورہ کریں گے۔

 اُنہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین کے زیراہتمام 28 فروری کو اسلام آباد میں ہونے والی آل پارٹیز کانفرنس دہشتگردی کے خلاف وحدت کے سفر کے ارتقاء کے لئے ہے، پاکستان اور بالخصوص بھکر میں بیلنس پالیسی کی زد دہشتگردوں کی بجائے پُرامن اور محب وطن شہریوں کو ہراساں اور بے بنیاد مقدمات میں پھنسایا جا رہا ہے۔ اس سلسلے کو فوری بند کیا جائے۔ آخر میں اُنہوں نے پاک فوج کی جانب سے ملک بھر میں آپریشن ''ردالفساد''کے اعلان کی مکمل تائید کرتے ہوئے کہا کہ ہم پاک فوج کے اس اقدام کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔ پاکستان کی سلامتی اور استحکام کے لئے آپریشن ''ردالفساد'' کا آغاز پاکستانی قوم کی دل کی آواز ہے، آپریشن ملک سے دہشتگردی کے خاتمے تک جاری رہنا چاہیے۔

وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین سندھ کے زیر اہتمام دربار لعل شہباز قلندر سیہون شریف میں آج بروز جمعرات ایک عظیم الشان’’تحفظ مزارات اولیاکانفرنس‘‘کا انعقاد ہو ہا ہے ۔جس میں سندھ کی مختلف مذہبی و سیاسی جماعتیں شریک ہوں گی۔کراچی وحدت ہاوس صوبائی دفتر میں اجلاس سے خطاب کرتے ہو ئے صوبائی سیکرٹری سیاسیات علی حسین نقوی نے کہا ہے کہ اولیا اللہ کے مزارات اور عبادت گاہوں کو نشانہ بنانے والے دہشت گردوں کا تعلق کسی مذہب سے نہیں۔یہ وحشت ناک کھیل کھیلنے والے درندے انسانیت کے مجرم ہیں۔آئے روز قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع کا باعث بننے والی تکفیری سوچ اور دہشت گردی کے خلاف تمام امن پسند قوتوں کو یکجا ہونا ہو گا۔سندھ کی پُرامن سرزمین کو درپیش خطرات سے نمٹنے کے لیے متعدل جماعتوں پر مشتمل ایک گرینڈ الائنس کی تشکیل کے لیے مشاورت جاری ہے۔اس سلسلے میں ایم ڈبلیو ایم مختلف سیاسی و مذہبی جماعتوں سے رابطے کر رہی ہے۔یاد رہے کہ درگاہ لعل شہباز قلندر میں ہونے والے المناک سانحہ کے خلاف مجلس وحدت مسلمین سندھ موثر انداز سے اپنی آواز بلند کر رہی ہے۔

وحدت نیوز (اسلام آباد) ملک میں جاری دہشت گردی ،لاقانونیت اور مقدس مقامات کو نشانہ بنائے جانے کے خلاف مجلس وحدت مسلمین پاکستان نے 28فروری کو اسلام آباد میں آل پارٹیز کانفرنس کے انعقاد کا اعلان کیا ہے ۔اس سلسلے میں ایم ڈبلیو ایم شعبہ سیاسیات کی طرف سے ملک کی نامور سیاسی و مذہبی شخصیات کومدعو کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ایم ڈبلیو ایم کے اس اقدام کو ملک کی اہم جماعتوں کی طرف سے سراہا جا رہا ہے ۔اس سلسلہ میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکریٹری روابط ملک اقرار حسین کی قیادت میں ایک وفد نے پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما و سابق وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی سے بھی ملاقات کی۔

ملاقات میں دوطرفہ دلچسپی کے امور اور ملک کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وفد کے اراکین نے زور دیاکہ ملک کو دہشت گردی کے عفریت سے نجات دلانے کے لیے تمام سیاسی و مذہبی قوتوں کو بھرپور کردار اداکرنا ہو گا۔ایک مخصوص اور غیر اسلامی سوچ کے حامل عناصر پورے ملک کو نظریاتی و فکری اعتبار سے یرغمال بنانا چاہتے ہیں۔انہیں شکست دینے کے لیے پورے عزم کے ساتھ مشترکہ جدوجہد دور عصر کی اولین ضرورت ہے۔ ارض پاک کی سلامتی و استحکام شر پسند قوتوں کے خاتمے سے مشروط ہے جسے نتیجہ خیز بنانے کے لیے معتدل جماعتوں میں آراء کا تبادلہ اور مشاورت انتہائی ضروری ہے۔اس مقصد کے لیے مجلس وحدت مسلمین نے آل پارٹیز کانفرنس کے انعقاد کا فیصلہ کیا ہے جس میں ملک بھر سے سیاسی و مذہبی رہنما شریک ہوں گے ۔

وفد نے یوسف رضا گیلانی کو اے پی سی میں شرکت کی دعوت بھی دی۔سابق وزیر اعظم نے ایم ڈبلیو ایم کے وفد کا خیر مقدم کرتے ہوئے ملک میں امن کے فروغ اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے ان کی کوششوں کی تعریف کی۔انہوں نے کانفرنس میں شریک کی یقین دہانی بھی کراوائی۔ وفد میں مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی رہنما علامہ اصغر عسکری، علامہ اعجاز بہشتی اورعلامہ اقبال بہشتی بھی موجود تھے۔

وحدت نیوز( ملتان)مجلس وحدت مسلمین ملتان کی جانب سے ڈسٹرکٹ بارایسوسی ایشن کے عہدیداروں کے اعزاز میں جامع مسجد الحسین میں عشائیہ کا اہتمام کیا گیا، عشائیہ کی تقریب میں مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ اقتدار حسین نقوی، صدر ڈسٹرکٹ بارایسوسی ایشن ملتان ایم یوسف زبیر، جنرل سیکرٹری سید انیس مہدی، ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے سابق نائب صدر یافث نوید ہاشمی، ایم ڈبلیو ایم جنوبی پنجاب کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل محمد عباس صدیقی، ضلعی سیکرٹری جنرل سید ندیم عباس کاظمی،علامہ قاضی نادر حسین علوی، سید سمیع گردیزی ایڈووکیٹ، ملک بختیار مہدی ایڈووکیٹ، اقبال حسین خان کشفی، سید فیاض زیدی ایڈووکیٹ اور دیگر موجود تھے۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ بارایسوسی ایشن ملتان کے صدرایم یوسف زبیر نے کہا کہ ہم ملک اور قوم کی خدمت میں مجلس وحدت مسلمین کے شانہ بشانہ ہیں، ہمیں پاکستان کو دہشتگردوں ، فرقہ پرستوں اور انتہاپسندوں سے نجات دلانی ہے، محض چند دہشتگردوں کی وجہ سے عالم اسلام پر دشمنوں کی انگلیاں اُٹھانا ایک منظم سازش ہے۔ اس موقع پر ایم ڈبلیو ایم کے رہنما علامہ اقتدار حسین نقوی نے کہا کہ وکلاء ہمارے معاشرے کا ایک اہم ستون ہیں، معاشرے میں انصاف کے حصو ل کا ذریعہ ہیں، جس معاشرے میں انصاف کا حصول ناپید ہوجائے وہ تباہ ہوجاتا ہے، اُنہوں نے کہا کہ ملک پاکستان کی بقاء اور سلامتی کے لیے دیگر طبقات کی طرح وکلاء کی بھی بڑی قربانیاں ہیں، ہائیکورٹ میں ججز کی تعیناتی پر جنوبی پنجاب کو محروم رکھنا پسماندہ علاقے کے وکلاء کے ساتھ زیادتی ہے، اس حوالے سے وکلاء کی تحریک اور احتجاج کی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہیں۔اُنہوں نے وفاقی اور صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا کہ ملک بھر میں موجود بار کونسل اور کچہریوں میں اضافی سیکیورٹی تعینات کی جائے۔ آخر میں علامہ اقتدار حسین نقوی نے ملکی سلامتی ، استحکام اور شہداء کے بلندی درجات کے لیے دعا کرائی۔

وحدت نیوز (ننکانہ صاحب) مجلس وحدت مسلمین ضلع ننکانہ صاحب کی شوریٰ کا  اجلاس مرکزی امام بارگاہ میں صوبائی سیکریٹری تنظیم سیکریٹری جنرل علامہ سید مبارک علی موسوی  کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں  اراکین ضلعی شوریٰ نے کثرت رائے سے سید سبط حسین رضوی  کوایم ڈبلیوایم ضلع ننکانہ صاحب کا آئندہ تین سال کیلئے سیکریٹری جنرل منتخب کرلیا، نو منتخب سیکریٹری جنرل سید سبط حسین رضوی  سے صوبائی سیکریٹری جنرل علامہ سید مبارک علی موسوی   نے حلف لیا،اجلاس میں ضلع ننکانہ صاحب  کے تمام یونٹس سمیت ضلعی کابینہ  کےاراکین  نے شرکت کی،اس موقع پر صوبائی رہنماسید حسن رضا کاظمی،  رائے ناصرعلی ، رانا ماجد علی ، حسن رضا اور مولانا حسن ہمدانی بھی موجود تھے۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree