وحدت نیوز(گلگت) سرکاری آفیسران ریاست کے محافظ بنیں، نا اہل حکمرانوں کے غلط احکامات کے سامنے ڈٹ جائیں تو عوام ان ریاستی اداروں کی مکمل سپورٹ کرینگے ۔جو آفیسران اپنی عزت کو دائو پر لگاکر حکومت کے غیر قانونی احکامات کو تسلیم کرینگے انہیں عنقریب عوامی عدالت نشان عبرت بنائے گی۔
مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے سیکرٹری جنرل سید علی رضوی نے کہا ہے کہ پولیس آفیسران نے جس طرح شیڈول فور میں شامل افراد کو پولیس فورس میں حالیہ بھرتیوں کی میرٹ لسٹ سے خارج کیا ہے وہ قابل تحسین اقدام ہے ۔پولیس آفیسران مزید جرات کا اظہار کرتے ہوئے پیراشوٹ سے میرٹ لسٹ پر آنے والے بقیہ 35 افراد کو بھی فارغ کرکے مثال قائم کریں۔حالیہ بھرتیوں میں بعض پولیس آفیسران نے جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے حکومتی احکامات ماننے سے انکار کیا ہے جو کہ ریاست کے مفاد میں ہے اور عوام ان کی اس جرات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ تقرریوں میں شفافیت کے اعتبار سے حکومت اتنی داغدار ہوچکی ہے کہ اب وزیر اعلیٰ کے منہ سے میرٹ کا نام بھی اچھا نہیں لگتا۔کچھ وزرا جو کریشن کے ماسٹر مائنڈ ہیں وہ اخباری بیانات کے ذریعے حکومت کا ناکام دفاع کرتے ہوئے نظر آرہے ہیں ۔پولیس بھرتیوں میں بے ضابطگی کرکے حکومت نے اپنا اصل چہرہ دکھایا ہے۔ ایسا لگتا ہے کہ حکومت نے میرٹ کا خاص شراب ان وزراء کو پلایا ہے جنہیں پیراشوٹ سے بھرتی ہونے والے 37 افراد کی لسٹ نظر ہی نہیں آئی۔
انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین نے حالیہ پولیس بھرتیوں میں کرپشن کے ٹھوس شواہد مقتدر حلقوں تک پہنچائے ہیں اور ہمیں امید ہے کہ مقتدر حلقے اس سلسلے میں ایکشن لیتے ہوئے پیراشوٹ سے بھرتی ہونے والوں کے نام لسٹ سے فارغ کرینگے اور میرٹ پر اترنے والے افراد کو ان کا حق دلوائیں گے۔انہوں نے کہا کہ ہم حکومتی اقدامات کے آگے بے بس نہیں اور نہ ہی یہاں کے عوام لاوارث ہیں ہم حکومت کو موقع دے رہے ہیں کہ وہ اپنا قبلہ ٹھیک کرلے ورنہ عوامی مظاہرین کا سمندر گلگت بلتستان کی سڑکوں پر ہوگا۔
وحدت نیوز (ملتان) مجلس وحدت مسلمین (شعبہ سیاسیات)کے زیراہتمام ملکی حالیہ صورتحال، مزارات پر حملے اور تقدس کی پامالی کے خلاف ’’تحفظ مزارات ِ اولیائو اللہ ‘‘کانفرنس 26مارچ کوجنوبی پنجاب کی بزرگ روحانی شخصیت حضرت شاہ شمس سبزواری رحمتہ اللہ علیہ کے مزار ملتان میںمنعقد ہوگی۔ ایم ڈبلیو ایم جنوبی پنجاب کے ترجمان ثقلین نقوی کے مطابق ’’تحفظ مزارات ِ اولیائو اللہ ‘‘کانفرنس میں جنوبی پنجاب بھر کے تمام مزارات کے سجادہ نشین، گدی نشین، علماء و مشائخ ،سیاسی اور مذہبی جماعتوں کے قائدین شرکت کریں گے۔ کانفرنس کا مقصد ملک دشمن عناصر کی جانب سے بزدلانہ کاروائیوں کے خلاف اور مزارات مقدسہ کے تحفظ اور تقدس کے لیے مشترکہ لائحہ عمل طے کرنا ہے۔ کانفرنس کے آخر میں تمام جماعتوں اور قائدین کی جانب سے مشترکہ اعلامیہ بھی جاری کیا جائے گا۔ کانفرنس میں شرکت کے حوالے سے دعوت ناموں کا سلسلہ جاری ہے، مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی رہنما 24مارچ کو پریس کانفرنس کریں گے اور انتظامات کے حوالے سے میڈیا کو بریفنگ دیں گے۔
وحدت نیوز (اسلام آباد) متحدہ جمعیت اہلحدیث پاکستان کے رہنما ضیااللہ شاہ بخاری اور تحریک اویسیہ پاکستان کے سربراہ پیر غلام رسول اویسی نے اپنے وفود کے ہمراہ سربراہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصرعباس جعفری سے انکی رہائشگاہ پر ملاقات کی جس میں موجودہ ملکی صورت حال خصوصا اتحادبین المسلمین کے لئے عملی کوششوں پر تبادلہ خیا ل کیا گیا۔ملاقات میں مرکزی سیکرٹری سیاسیات سید اسد عباس نقوی،علامہ اصغرعسکری، محسن شہریار بھی شریک تھے۔ علامہ راجہ ناصر عباس نے کہا کہ موجودہ ملکی صورت حال میں تمام مکاتب فکر کے علما کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا دشمن ہمیں تقسیم کرکے پاکستان کی سالمیت پر وار کرنے کے درپے ہیں،امریکہ اور اسرائیل افغانستان میں داعش دہشتگردوں کی سرپرستی کر رہے ہیں۔ہمیں دشمن کی سازشوں کا ادراک کرنا ہوگا،امریکہ اسرائیل اور ہندوستان پاکستان پر دہشتگردوں کو مسلط کرنے کی کوشش میں ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے سیاستدانوں، حکمران جماعت اور اسٹبلشمنٹ کو ملکی سلامتی کے لئے اس منحوسی ٹرائی اینگل کیخلاف جراتمندانہ اقدامات کرنے کی ضرورت ہیں،دشمن پاکستان کو غیر مستحکم کرکے ایشیا میں ترقی کے دروازے بند کرنے کی کوشش میں ہے،موجود حکمران اور سیاسی اشرافیہ اقتدار اور کرسی کی ہوس میں ملکی سلامتی کے ایشوز سے غافل ہیں، وطن عزیز کودہشتگردی کا تحفہ امریکہ ہی کا دیا ہوا ہے،اہلحدیث و اہلسنت علماء کے وفود نے علامہ راجہ ناصر عباس کی تجاویز اور خدشات پر اتفاق کرتے ہوئے ملکی سلامتی و استحکام اتحاد امت اور ملک دشمنوں کیخلاف مشترکہ جدو جہد کا عزم بھی کیا۔
وحدت نیوز (کراچی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کراچی ڈویژن کے رہنما علامہ سید اظہر حسین نقوی نے کہا ہے کہ شہید ایس ایس پی چوہدری اسلم کی گاڑی میں دھماکے میں ملوث دہشتگرد کا پولیس اہلکار کے بھیس میں ہونے کے انکشاف کے بعد لازمی ہو گیا ہے کہ سندھ پولیس کو لشکر جھنگوی سمیت دیگر تمام کالعدم تنظیموں کے سہولت کار کے روپ میں موجود کالی بھیڑوں سے پاک کرنے کیلئے فی الفور بھرپور تطہیری عمل شروع کیا جائے۔
وحدت ہاؤس کراچی میں تنظیمی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم کراچی کے رہنما علامہ اظہر حسین نقوی نے کہا کہ کراچی آپریشن اور سندھ بھر میں آپریشن ردالفساد کے تحت دہشتگرد و انتہاپسند عناصر کے خلاف کارروائی کو مؤثر اور کامیاب بنانے کیلئے لازمی ہو گیا ہے کہ سندھ پولیس سمیت تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں میں موجود کالعدم دہشتگردتنظیموں کے سہولت کاروں کو بے نقاب کرکے اداروں کو ان کے نجس وجود سے پاک کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ اگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو کالعدم دہشتگرد تنظیموں اور انتہاپسند عناصر کے سہولت کاروں سے پاک نہیں کیا گیا تو دہشتگردی کے خلاف کامیاب آپریشن خواب بن کر رہے جائے گا۔علامہ اظہر حسین نقوی نے مزید کہا کہ کالعدم لشکر جھنگوی کے گرفتار دہشتگردوں کے انکشافات نے ان تحفظات کو حقیقت کی شکل دے دی ہے کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں میں بھی کالعدم تنظیموں اور دہشتگرد عناصر کے سہولت کار موجود ہیں،لہٰذا وزیراعلیٰ اور آئی جی سندھ سے اپیل کرتے ہیں کہ اس انتہائی حساس معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے پولیس کو کالعدم دہشتگرد تنظیموں کے سہولت کار سے پاک کرنے کیلئے فی الفور بھرپور تطہیری عمل شروع کریں۔
ڈویژنل رہنما ایم ڈبلیو ایم نے کہا کہ کاؤنٹر ٹیرراز ڈیپارٹمنٹ کراچی کو کالعدم لشکر جھنگوی کے خلاف کامیاب کارروائی، سلیپر سیل کے امیر کو ہلاک کرنے اور چار خطرناک دہشتگردوں کی گرفتاری پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں، امید ہے کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے کالعدم تنظیموں کے خلاف کارروائی کو کراچی سمیت سندھ بھر میں ان کے خاتمے تک جاری و ساری رکھیں گے۔
وحدت نیوز (بھکر) مجلس وحدت مسلمین پاکستان ضلع بھکر کے ضلعی سیکرٹری جنرل سفیر حسین شہانی ایڈووکیٹ نے اپنے خیا لات کا اظہار کرتے ہوے کہا کہ ملک دشمن عناصر کا پیدا کردہ خوف قومی عزم اور یکجہتی نے PSL فائنل کی صورت میں ختم کر دیا ، PSL فائنل کے پرامن انعقاد کے لئے ریاستی اداروںکے اقدامات قابل تحسین تھے ۔ اگر یہ ادارے اسی توجہ اور عزم کے ساتھ دہشت گردی کے ناصور کو اکھاڑ پھینکنے کی کو شش کریں تو یقینا بہترین نتائج حاصل ہوں گے ۔ جس طرح پوری دنیا نے پاکستانی قوم کی بے خوفی اور جذبہ دیکھا یہ پاکستانی قوم کا حقیقی روپ تھا۔ ملک دشمن اور اسلام دشمن عناصر بری طرح ناکام ہوئے ہیں ۔ہم اپنے ضلع بھکر میں بھی توقع رکھتے ہیں کہ ریاستی ادارے ایسے اقدامات کریں گے جس کی وجہ سے عوام کو خوشیاں ملیں اور خوف و ہراس کی فضاء تحلیل ہو۔
وحدت نیوز (ملتان) مجلس وحدت مسلمین کے وفد نے صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ اقتدار حسین کی قیادت میں میئر ملتان چوہدری نوید آرائیں سے ملاقات کی، وفد میں سیکرٹری سیاسیات مہر سخاوت علی، ضلعی سیکرٹری جنرل ملتان سید ندیم عباس کاظمی، ملک عامر کھوکھر اور دیگر شامل تھے۔ اس موقع پر سابق صوبائی وزیر چوہدری عبدالوحید آرائیں بھی موجود تھے۔ مجلس وحدت مسلمین کے سیکرٹری جنرل علامہ اقتدار حسین نقوی نے چوہدری نوید آرائیں کو میئر ملتان بننے کی مبارکباد دی اور ملتان شہر کی ترقی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ علامہ اقتدار نقوی نے کہا کہ بلدیاتی اداروں تک اختیارات کی منتقلی سے عوامی مسائل حل ہوں گے، جب تک اختیارات منتقل نہیں ہوں گے عوامی استحصال دور نہیں ہوگا، علامہ اقتدار نقوی نے میئر ملتان کے ساتھ نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم اُمید کرتے ہیں کہ آپ بطور میئر شہر کی ترقی اور خوبصورتی کے لیے غیرمعمولی اقدامات اُٹھائیں گے۔ ملتان شہر میں واسا اور پانی کے مسائل فوری حل طلب ہیں، محکموں میں کرپٹ افراد کا خاتمہ غریب عوام کا مطالبہ ہے۔ ملتان کے باسیوں کے آپ سے بہت توقعات وابستہ ہیں۔ مجلس وحدت مسلمین ملکی ترقی اور استحکام کے لیے ضلعی حکومت کے شانہ بشانہ ہے۔