وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ راجہ ناصرعباس جعفری اور چیئرمین سنی اتحاد کونسل صاحبزادہ حامد رضا نے مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی، اس موقع پر ایم ڈبلیوایم کے مرکزی سیکریٹری امور سیاسیات سید اسد عباس شاہ اور آصف رضا ایڈووکیٹ بھی موجود تھے، رہنما وں کے درمیان موجودہ ملکی سیاسی صورتحال سمیت، پانامہ کیس، سعودی فوجی اتحاد میں شمولت اور دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، جبکہ صاحبزادہ حامد رضا نے حالیہ دنوں دبئی میں سابق صدر پاکستان اور سربراہ آل پاکستان مسلم لیگ جنرل (ر)پرویز مشرف سے ہو نے والی ملاقات اور گفتگو کے حوالے سے بھی علامہ راجہ ناصرعباس اور چوہدری شجاعت حسین کو آگا ہ کیا۔
وحدت نیوز(ملتان) مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ اقتدار حسین نقوی نے کہا ہے کہ بھارتی جاسوس کلبھوشن یادو کو سزائے موت احسن اقدام ہے،پاکستان کیخلاف سازشوں میں مصروف امریکن بلاک کے جاسوسوں کیخلاف بھی عملی اقدامات کی ضرورت ہے،بھارت امریکہ اور عرب ممالک سی پیک کیخلاف مشترکہ منصوبہ بندی کے تحت پاکستان کیخلاف سازشوں میں مصروف ہیں،سعودی آفیشلز کی کالعدم جماعتوں کے لیڈروں سے ملاقاتیں اور انتہا پسند مدارس کے دوروں پر حکومت نوٹس لے،ہم انہی عرب مہربانوں کے بچھائے کانٹے اب تک چن رہے ہیں،ہمارے کمزور اور مصلحت پسندانہ خارجہ پالیسی ہی ملکی مشکلات میں اضافے کا سبب ہے،ملتان میں ولادت باسعادت امیر المومنین حضرت علی ابن ابی طالب کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر صوبائی سیکرٹری سیاسیات انجینیئر سخاوت علی،ملک عامر کھوکھر،وسیم عباس زیدی اور دیگر رہنما موجود تھے۔ علامہ اقتدار نقوی نے کہا کہ ہم کشمیر میں بھارتی مظالم کی پور زور مذمت کرتے ہیں اور مظلوم کشمیریوں دکھ میں برابر کے شریک ہیں،کشمیر ،فلسطین اور یمن پر جارحیت کرنے والے انشااللہ جلد رسوا ہونگے،شام پر حملے کے بعد 39 ملکی اتحاد کا اصل چہرہ سامنے آگیا ہے،ہمارے حکمران ،سیاست دانوں اور پالیسی ساز اداروں کو جان لینا چاہیئے کہ اس اتحاد کا اصل ماسٹر مائنڈ امریکہ اور اسرائیل ہے جو اپنی مفادات کے لئے مسلم امہ کو مسلکی بنیاد پر تقسیم کر نے کی سازشوں میں مصروف ہے۔ علامہ اقتدار نقوی نے مزید کہا کہ حکومت اور بالخصوص وزیراعظم نواز شریف کی جانب سے کلبھوشن کے معاملے پر خاموشی معنی خیز ہے، حکومت نے کلبھوشن یادیو کے کیس کو عالمی سطح پر اُجاگر نہیں کیا۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ راجہ ناصرعباس جعفری کی مجلس وحدت مسلمین کے رکن شوریٰ عالی ، معروف عالم دین علامہ محمد امین شہیدی سے ملاقات، علمائے شیعہ کانفرنس میں شرکت کی دعوت، تفصیلات کے مطابق ۱۶اپریل کو جامعہ امام صادق ؑ اسلام آباد میں منعقدہ علمائے شیعہ کانفرنس کے دعوتی عمل کے سلسلے میں علامہ راجہ ناصرعباس جعفری اور سید ناصرشیرازی نے علامہ امین شہیدی سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور انہیں علمائے شیعہ کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی علامہ راجہ ناصرعباس اور علامہ امین شہیدی کے درمیان اہم قومی وملی امور سمیت ملکی وبین الاقوامی سیاسی صورت حال پر بھی تفصیلی بات چیت ہوئی، علامہ راجہ ناصرعباس نے علامہ امین شہیدی سے کہا کہ وہ بذات خود علمائےشیعہ کانفرنس میں لازمی شرکت کریں اور اپنے رابطے میں موجود تمام علمائے کرام کو ملک گیر علمائے شیعہ کانفرنس میں شرکت کی دعوت دیں جس پر علامہ امین شہیدی نے کہا کہ انشاءاللہ تعالیٰ وہ تمام علمائے کرام کوعلمائے شیعہ کانفرنس میں شرکت کی دعوت بھی دیں گے اور آپ (قائد وحدت )کے حکم پر اپنی ذمہ داری بھر پور طریقے سے ادا کریں گے۔
وحدت نیوز(خیرپور) مجلس وحدت مسلمین پاکستان سندہ کے صوبائی سیکریٹری جنرل علامہ مقصود علی ڈومکی کی قیادت میں ایک وفد نے ایس ایس پی خیرپور اظفر مہیسر سے ملاقات کی ، اس موقع پر ضلع چیئرمین خیرپور شہریار خان وسان ،صوبائی ڈپٹی سیکریٹری جنرل مولانا نشان حیدر ساجدی، مولانا محمد نقی حیدری ، مولانا سعید احمد و دیگر موجود تھے۔ ملاقات میں عظمت علی و زہراء ؑ کانفرنس خیرپور کے انتظامات اور سیکورٹی مسائل کو فائنل کیا گیا۔ اس موقع ایس ایس پی نے اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔
درایں اثناء عظمت علی و زہراء ؑ کانفرنس کے سلسلے میں مدرسہ امام علی ؑ کنب میں اہم اجلاس منعقد ہوا، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان سندہ کے صوبائی سیکریٹری جنرل علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ لاہور میں دھشت گردی کا واقعہ ریاستی اداروں کے کردار پر سوالیہ نشان ہے، جب آئی جی پنجاب اور وفاقی وزیر داخلہ دھشت گردوں کے وکیل صفائی بن جائیں تو دھشت گردی کا خاتمہ ممکن نہیں۔ حکمرانوں کا منافقانہ رویہ اور دھشت گردوں سے ہمدردی ، دھشت گردی کے خاتمہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ۹ اپریل کو کنب میں محب وطن پاکستانیوں کا دھشت گردی کے خلاف عظیم الشان اجتماع ہوگا۔ اجلاس سے صوبائی ڈپٹی سیکریٹری جنرل مولانا نشان حیدر ساجدی، مولانا محمد نقی حیدری ، مولانا سعید احمد و دیگر نے خطاب کیا۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری اور سنی اتحاد کونسل کے سربراہ صاحبزادہ حامد رضا نے مرکزی سیکرٹریٹ میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ سعودی ملٹری الائنس کے سربراہ کی حیثیت سے جنرل راحیل شریف کا عہدہ قبول کرنا ان کے ساکھ کے لیے نقصان دہ ہے۔پاکستان کے عوام کی اکثریت اس فیصلے سے مطمئن نہیں ۔عالمی تجزیہ نگاردنیا میں شدت پسندی کے فروغ کا ذمہ دار آل سعود کو ٹہراتے ہیں۔یمن میں بے گناہ افراد پر آگ برسانے والے اس سعودی اتحاد کا حصہ ہیں۔سعودی ملٹری الائنس سعودی مفادات کے تحفظ اور عالم اسلام کے خلاف صیہونی ایجنڈے کی تکمیل کے لیے تشکیل دیا گیاہے۔اس متنازع الائنس سے ان اسلامی ممالک کو دور رکھا گیا جو عالمی دہشت گرد طاقتوں کے خلاف برسر پیکار ہیں۔امریکی حکام کی جانب سے اس امر کا کھلم کھلااظہار کہ یہ اتحاد امریکہ اہداف کی تکمیل کے لیے معاون ثابت ہو گا ہماری آنکھیں کھولنے کے لیے کافی ہے۔انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ کا اتحاد او آئی سی کے تحت قائم کیا جائے تو ہی نتیجہ خیز اور غیر جانبدار قرار دیا جا سکتا ہے۔ جنرل راحیل شریف اس قوم کا فخر ہیں۔دہشت گردی کے خلاف ان کے جرات مندانہ اقدامات وطن عزیز کی تاریخ میں سنہری حروف سے لکھے جائیں گے۔انہیں اپنے فیصلوں میں تمام پہلوؤں کو مدنظر رکھنا ہو گا۔مختلف ممالک کے ساتھ جنگی اتحاد کے اثرات آنے والی نسلوں تک جاتے ہیں۔سویت یونین کے خلاف افغان جنگ میں ضیا الحق کی پالیسی کے بھیانک نتائج ہم آج تک بھگت رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاناما کیس پر فیصلہ آنے میں اب مزید تاخیر مناسب نہیں۔فیصلے سنائے جانے میں مزیدتاخیر عوام کے شکوک و شبہات میں اضافے کا باعث بنے گی۔ بھارت میں قائد اعظم کی رہائش گاہ جناح ہاؤس کو بھارتی حکومت کی طرف سے گرانے کا اعلان تشویش ناک ہے۔بھارت تعصب کی آگ میں عالمی قوانین اور اخلاقی اقدار کی دھجیاں بکھیر رہا ہے۔قائد اعظم کا گھر ایک عظیم تاریخی ورثہ ہے۔عالمی قوانین کے تحت اس کی حفاظت بھارتی حکومت کی ذمہ داری بنتی ہے۔حکومت پاکستان بھارت کو اس جارحانہ طرز عمل سے روکنے کے لیے اقدامات کرے۔صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ سعودی عرب کا یہ فوج اتحاد کشمیر ،فلسطین اور برما کے مسلمانوں پر ہونے والے مظالم پر خاموش کیوں ہے؟انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نواز شریف بھارتی وزیر اعظم مودی سے رابطے کر کے جناح ہاؤس کو مسمار کیے جانے والے فیصلہ کو واپس لینے پر زور دیں۔
وحدت نیوز(لاہور)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکریٹری امور سیاسیات سید اسد عباس شاہ نے منہاج سیکریٹریٹ میں سیکرٹری جنرل پاکستان عوامی تحریک خرم نواز گنڈاپور سے ملاقات کی اور انہیں عمرہ کی ادائیگی پرمبارک باد دی اور پھولوں کا گلدستہ پیش کیا، اس موقع پر سیکرٹری جنرل لاہور علامہ حسن ہمدانی، صوبائی سیکرٹری روابط رائے ناصر علی اور دیگر بھی موجودتھے، خرم نوازگنڈا پور سیکرٹری جنرل پاکستان عوامی تحریک نے سیکرٹری سیاسیات سید اسدعباس شاہ اور ایم ڈبلیوایم کے وفد کا آمد پر شکریہ ادا کیا، انہوں نے موجودہ ملکی صورت حال پر تبصرہ کرتے ہوئے کہاکہ پاناماکیس فیصلہ غیر ضروری تعطل کاشکار ہے، جس سے عوام میں ہیجانی کیفیت پائی جاتی ہے، موجودہ حکمرانوں نے دہشر گردی اور کرپشن کے تمام تر رکارڈ توڑ ڈالے ہیں ، سانحہ ماڈل ٹاون پر جسٹس باقر نجفی کمیشن رپورٹ منظر عام پر لانے کیلئے ہم نے اعلیٰ عدلیہ کا دروازہ کھٹانے کا فیصلہ کیا ہے،جنرل (ر) راحیل شریف کو متنازعہ فوجی اتحاد کا حصہ بننے سے پہلے سو بار سوچنا چاہیئے،پاکستان مزید کسی پراکسی وار کا متحمل نہیں ہوسکتا،ابھی تک قوم افغان وار میں شمولیت کا خمیازہ بھگت رہی ہے۔
اسد نقوی کا کہنا تھا کہ پاک فوج ہمارا فخر ہمارا غرور ہے، لیکن ہم حکمرانوں کے ذاتی مفادات کی خاطر اپنا غرور خاک میں نہیں ملنے دیں گے، عالمی استعماری طاقتوں کی ایماءپر امریکہ اور اسرائیل اور آل سعود کے ڈاواں ڈول اقتدار کے تحفظ کیلئے پاکستان کی سلامتی ، استحکام اور خود مختاری کا سودا کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا، وطن عزیز کی تمام محب وطن قوتوں کو اس عالمی استعماری گیم پلان میں پاکستان کو دھکیلنے کی سازش کا مقابلہ کرنا ہوگا۔