وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین نے حلقہ پی ایس 114 میں پاکستان پیپلز پارٹی کی حمایت کا اعلان کردیا۔ ایم ڈبلیو ایم کے رہنما علی حسین نقوی اور پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما سعید غنی نے اپنے اپنے وفود کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب بھی کیا۔ علی حسین نقوی نے کہا کہ ایم ڈبلیو ایم مثبت اور تعمیری سیاست پر یقین رکھتی ہے، ملک کی ترقی و استحکام اور امن و امان کا قیام ہماری اولین ترجیحات ہیں، جس کو حقیقی شکل دینے کے لئے تکفیری اور انتہاء پسند قوتوں سے نجات حاصل کرنا ضروری ہے، ہماری پولیٹیکل کونسل نے فیصلہ کیا ہے کہ ضمنی انتخابات میں پیپلز پارٹی کا ساتھ محض بیانات تک محدود نہیں رہے گا بلکہ ہم الیکشن مہم سے نتائج آنے تک اپنے کارکنوں کے ہمراہ میدان میں موجود رہیں گے۔
پیپلز پارٹی کے رہنما سعید غنی نے ایم ڈبلیو ایم کے رہنماؤں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن میں آپ کے تعاون کو کبھی بھی فراموش نہیں کیا جائے گا، ایم ڈبلیو ایم ملت تشیع کی نمائندہ جماعت ہے اور ہر قومی ایشو پر یہ جماعت میدان میں موجود رہی ہے، ان کی قومی خدمات لائق تحسین ہیں۔ انہوں نے سانحہ پارہ چنار سمیت دہشت گردی کے دیگر واقعات کی مذمت بھی کی۔ انہوں نے کہا کہ اس حلقہ میں ایم ڈبلیو ایم کی طرف سے اعلان کے بعد ہماری فتح کو یقینی قرار دیا جا رہا ہے اور ہمیں پوری امید ہے کہ اللہ تعالی کے فضل و کرم سے ہم ہی مذکورہ حلقہ سے کامیاب ہوں گے۔ پریس کانفرنس میں ایم ڈبلیو ایم کے علامہ مبشر حسن، علامہ علی انور جعفری، میثم عابدی، میر تقی ظفر، آصف صفوی جب کہ پیپلز پارٹی کے وقار مہدی، راشد ربانی اور نجمی عالم بھی موجود تھے۔
وحدت نیوز(لاہور) مظلومین پارا چنار کی داد رسی کر کے افواج پاکستان اور آرمی چیف نے قوم کو متحد کیا،افواج پاکستان نے بروقت کردار ادا کر کے قوم کوتقسیم کرنے والے ملک دشمنوں کے عزائم خاک میں ملا دیے،ہم ان قابل ستائش اقدامات پر افواج پاکستان اور چیف آف آرمی سٹاف کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں،سیاسی ومذہبی جماعتوں۔ سول سوسائٹی اور میڈیا کے بھی شکر گذار ہیں کہ دکھ کی اس گھڑی میں ہمارا ساتھ دیا اور ان مظلومین سے اظہار یکجہتی کی،ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر سید افتخار حسین نقوی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔
انہوں نے کہا کہ اہم انتظامیہ کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہیں کہ انہوں نے ہمارے پرامن آئینی قانونی احتجاجی مظاہروں اور علامتی دھرنوں میں کوئی رکاوٹ نہیں ڈالی بلکہ مکمل سکیورٹی انتظامات کیے،ڈاکٹر افتخار نقوی نے کہا کہ ن لیگ اور شریف برادران کو الیکشن سے پہلے اللہ نے ملت جعفریہ کے سامنے ایکسپوز کیا،جن حکمرانوں میں انسانیت کی قدر و قیمت نہ ہو ان سے عدل و انصاف کی امید رکھنے والے احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں،ملک میں جمہوریت نہیں بادشاہت ہے،سارے وسائل ایک ہی صوبے میں جھونک کر وفاق پاکستان کو کمزور کرنے کی سازش ہو رہی ہے، جے آئی ٹی اور اعلیٰ عدلیہ کیخلاف ہرزہ سرائی کرکے کرپشن پر پردہ ڈالنا چاہتے ہیں،عوام کرپٹ لوگوں کیخلاف متحد ہیں، پاکستانی غیور عوام بلا رنگ ونسل مذہب و ملت ان ظالم اور کرپٹ حکمرانوں کیخلاف جدو جہد کے لئے تیار ہیں،ہم پاکستان سے کرپٹ مافیا کے خلاف وقت آنے پر سڑکوں پر آنے کو تیار ہیں،پرامن معاشرے،کرپشن فری پاکستان ہمارا منشور ہے،اور انشااللہ امید ہے کہ ملک سے اس کرپٹ مافیا کا صفایا ہوگا۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) سانحہ پارہ چنار کے خلاف پریس کلب اسلام آباد کے سامنے دھرنے کے چوتھے روز پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما سید نیئر بخاری ،سابق وزیر داخلہ سینٹر رحمن ملک ،فرحت اللہ بابر،تحریک انصاف کے ترجمان نعیم الحق، عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما سینئر سیاستدان میاں افتخار حسین، سنی اتحاد کونسل کے سربراہ صاحبزادہ حامد رضا،اقلیتی برادری کے نمائندے،سپریم کورٹ بار کے وکلاء اور ہیومن رائٹس کے نمائندوں کی بڑی تعداد نے کیمپ میں آکر اظہار یکجہتی اور شرکاء سے خطاب کیا۔
اس موقعہ پر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ ارض پاک کو دانستہ طور پر سانحات کا ملک بنا جا رہا ہے جہاں روز نیا زخم ملتا ہے۔عدم تحفظ کے بڑھتے ہوئے احساس اور لاقانونیت نے حکمرانوں کی نالائقی کو ثابت کر دیا ہے۔اپنی اس نالائقی کو چھپانے کے لیے اختیارات کا ناجائز استعمال کیا جارہا ہے۔پارہ چنار میں احتجاج کا آئینی حق استعمال کرنے والوں پر ریاستی اداروں کی طرف سے گولیاں چلانا کہاں کا انصاف ہے۔ہم اس ظلم کے خلاف ڈٹے ہوئے ہیں۔ہمارے اس جدوجہد میں دن بدن شدت آتی جائے گی جو یہ سمجھتے ہیں کہ ہم وقت کے ساتھ ساتھ تھک جائیں گے وہ نادان ہیں۔ہمارا جدوجہد تکفیریت کے خلاف ہے جو اس ملک کی جڑیں کھوکھلی کر رہی ہے۔ ملکی یکجہتی کونسل اور سنی اتحاد کونسل کی طرف سے ہماری تائید اس امر کی دلیل ہے کہ ہم پاکستان میں شیعہ سنی کوئی جھگڑا نہیں۔ شیعہ سنی کا اگر جھگڑا ہے تو وہ ان تکفیری قوتوں سے ہے جو ملک دشمنوں کے پے رول پر ہیں اور ملک کو تباہی کی طرف دھکیلنا چاہتی ہیں۔پارہ چنار کے لوگ باہمت اور ثابت قدم ہیں۔ان کے مطالبات ہر لحاظ سے اصولی اور جائز ہیں جن کا فائدہ پاکستان کے امن و امان کے لیے ہے۔حکومت تکفیریت کی سرپرستی چھوڑ کر اس ملک کی بقا و سالمیت کے لیے اقدامات کرے۔ ریاست کی طاقت کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال نہ کیا جائے۔پاکستان کے دشمن وہ لوگ ہیں جن کے اجداد نے پاکستان بننے کی مخالفت کی تھی۔شیعہ سنی اتحاد ہمارا جبکہ تکفیریت کا خاتمہ حکومت کا کام ہے۔پارا چنارا وطن کے دفاع کی فرنٹ لائن ہے پاکستان کی حفاظت کے لیے اسے مضبوط کیا جائے۔
پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنمانیئر بخاری نے حکومت سے مطالبہ کیاکہ پارا چنار دھرنے کے شرکاء کے مطالبات فوری طور پر تسلیم کیے جائیں۔ فرحت اللہ بابر نے کہا کہ پاراچنار میں ریاستی ادارے تحفظ کی فراہمی میں ناکام ہو چکے ہیں فوج کی نگرانی میں کرم ملیشیاء کو پاراچنا ر واپس لایا جائے تاکہ حفاظتی انتظامات مضبوط ہوں۔ آرمی چیف کو پارا چنار جا کر متاثرین کے مطالبات کی منظوری دینی چاہئے۔سنیٹر رحمان ملک و سابقہ وزیر داخلہ نے کہاکہ مجھے پارا چنار جانے سے روک دیا گیا ہے۔ جو ظلم کی انتہا ہے اس سلسلے میں میں ایوان بالا میں قرار داد پیش کروں گامیرا حکومت سے مطالبہ ہے کہ پارا چنار مظاہرین کے مطالبات تسلیم کیے جائیں۔
تحریک انصاف کے مرکزی رہنما نعیم الحق نے سانحہ پارا چنار کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کی راہ میں حائل مصلحت کی جڑ تک جانے کی ضرورت ہے۔نفرتیں پھیلانے والے عناصر کی نشاندہی کرنا ہو گی۔کوئٹہ اور کراچی میں ڈاکٹر ز،انجینئرز اور اعلی صلاحیت یافتہ شخصیات کو دہشت گردی کا نشانہ بنانے کے بعد پارہ چنار میں دہشت گردی کے مسلسل واقعات نے یہ سوچنے پر مجبور کر دیا ہے کہ وہ کون سے عناصر ہے جو بھائی کو بھائی سے لڑا رہے ہیں۔ہم لوگ پارا چنار کے عوام کے ساتھ کھڑے ہیں اور ہمیشہ کھڑے رہیں گے۔
سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے مطالبہ کیا کہ ایک کمیشن بنایا جائے جو یہ جائزہ لے کہ نیشنل ایکشن پلان کو ناکام بنانے کے پیچھے کس کا ہاتھ ہے۔تما م لشکروں کے اور کالعدم مذہبی جماعتوں کے سربراہان اور نواز شریف ایک دوسرے کے حامی ہیں۔نیپ ان شخصیات کو شیڈول فور میں ڈالنے کے لیے بنایا گیا ہے جو حکومت کے منفی اقدامات کے خلاف کھل کر بولتی ہیں۔عوام کو بنیادی حقوق کی فراہمی میں حکومت ناکام ہو چکی ہے۔شیعہ سنی اتحاد سے پاکستان کے دشمنوں کو شکست دیں گے۔ارض پاک کو یمن ،لبیا یا شام نہیں بننے دیا جائے گا۔پارا چنار کے سانحے پر سنی اتحاد کونسل مجلس وحدت مسلمین کے ساتھ کھڑی ہے۔
عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما میاں افتخار حسین نے کہا کہ پارا چنار میں یہ واقعہ پہلا نہیں۔حکومت اگر بروقت اقدامات کرتی تو آج یہ دن نہ دیکھنا پڑتا مگر افسوس کہ حکومت نے اپنی پالیساں درست کرنے کی بجائے الزام تراشی کو شعار بنا رکھا ہے۔اس واقعہ کے بعد وزیر اعظم ،وزیر داخلہ اور آرمی چیف کو پارا چنار جانا چاہیے تھا۔سیکورٹی میں ہمارے ملیشیا کی ڈیوٹی اس لیے نہیں لگائی جا رہی تاکہ ہم لوگ نہتے رہیں اور دہشت گردوں کو کھل کر کاروائیوں کا موقعہ مل سکے۔معاوضوں کی جب بات ہوتی تو بھی ہمارے خون کے ساتھ امتیازی سلوک کیا جاتا ہے۔وزیر اعظم کو بہاولپور اور پارہ چنار کے لوگ میں فرق نہیں کرنا چاہیے تھا۔پاکستان کی سالمیت کے لیے موجودہ پالیسیوں کو بدلنا ازحد ضروری ہے۔ہم نے پالیسی نہ امریکہ کے لیے بنانی ہے اور نہ سعودیہ کے لیے ہم۔نے پاکستان کے لیے پالیسیاں بنانی ہیں۔
وحدت نیوز(پاراچنار) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے بزرگ عالم دین اور سابق سینیٹر علامہ سید عابد حسین الحسینی سے پاراچنار میں ملاقات کی۔ اس موقع پر پاراچنار دھماکے کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال اور جاری احتجاجی دھرنے سے متعلق بات چیت کی گئی۔ دونوں رہنماوں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ مطالبات کی منظوری تک احتجاج کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا، اس موقع پر علامہ عابد حسین الحسینی نے علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کا شکریہ ادا کیا۔ علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ ہم ہرگز پاراچنار کے مظلومین کو تنہاء نہیں چھوڑیں گے، پاراچنار کے عوام کی آواز پورے پاکستان کی آواز بن چکی ہے۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اعجاز چوہدری نے ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل سید ناصر شیرازی سے ملاقات میں کہا ہے کہ ظلم جہاں بھی ہو گا وہاں ہم آپ کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔پارا چنار کا واقعہ بہت بڑا ظلم ہے۔وہاں کے باسیوں کا استحصال تسلسل کے ساتھ جاری ہے۔پارا چنار کا حالیہ واقعہ کوئی معمولی نہیں۔ان غم ناک ایام کو ہم عید کا نام نہیں دے سکتے۔پارہ چنار کے لوگ وطن کا قدرتی دفاع ہیں ان کی ہر حال حفاظت کرنا ہو گی۔عوام کے جان و مال کا تحفظ ریاست کی ذمہ داری ہے۔حکومت اور سیاسی و مذہبی جماعتوں کو پاراچنار کے عوام کا مکمل ساتھ دینا چاہیے۔
وحدت نیوز(پاراچنار) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کےمرکزی سیکریٹری جنرل علامہ راجہ ناصرعباس جعفری وارثان شہدائے پاراچنارکی جانب سے گذشتہ 5روز سے جاری احتجاجی دھرنے میں شرکت کیلئے اسلام آباد سے پاراچنار پہنچ گئے ہیں ، تفصیلات کے مطابق صوبائی سیکریٹری جنرل خیبر پختونخوا علامہ اقبال بہشتی ودیگر رہنماوں کے ہمراہ وہ شہدائے پاراچنار کے خانوادگان سے اظہار تعزیت کریں گے جبکہ احتجاجی دھر نے کے شرکاء سے اہم خطاب بھی کریں گے ، دھرنے کے مقام پر پہنچنے پر وارثان شہداء، ایم ڈبلیوایم کے کارکنان اور عوام کی جانب سے اپنے نڈر اور شجاع لیڈر علامہ راجہ ناصرعباس جعفری کا پرجوش استقبال کیا گیا اور پاراچنار کی فضاءلبیک یا حسین ؑ کے نعروں سے گونجتی رہی ۔