وحدت نیوز(کوئٹہ) مستونگ میں تکفیری دہشت گردوں کی کار پر فائرنگ سے ایک شیعہ ہزارہ خاتون سمیت چار افراد شہید جبکہ مجلس وحدت مسلمین ضلع جامشوروکے سیکریٹری جنرل مولانا عبدالستار بوذری شدید زخمی ہو گئے ہیں ،مولانا عبدالستار بوذری کوئٹہ سے کراچی آرہے تھے کہ مستونگ کے مقام پر اسپیڈ بریکر پر گاڑی کی رفتار کم ہونے پر پہلے سے گھات لگائے نامعلوم موٹر سائیکل سوار تین مسلح تکفیری دہشت گردوں نے کلاشنکوفوں سے ان کی کار پراندھا دھند فائرنگ کردی ، تمام شہداء اور زخمیوں کو پہلے ابتدائی طبی امدادکیلئے قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں سے شہداء اور زخمیوں کو سول اسپتال کوئٹہ منتقل کیا گیا ، بعد ازاں ایم ڈبلیوایم کے صوبائی رہنما کیپٹن حسرت اللہ نے وفدکے ہمراہ سول اسپتال کا دورہ کیا اور شہداء کے جسد ہائے خاکی کی ورثاءکو حوالگی اور ایم ڈبلیوایم کے رہنمامولانا عبدالستار بوذری کی خیریت دریافت کی اور سی ایم ایچ کوئٹہ منتقلی کی نگرانی کی اور ڈاکٹرز سے مولاناعبدالستار بوذری کو مکمل طبی سہولیات فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ۔
وحدت نیوز (اسلام آباد) خیرالعمل ویلفیئر اینڈ ڈویلپمنٹ ٹرسٹ کے چیئرمین علامہ سید باقرعباس زیدی نے کہا ہے کہ خیرالعمل ویلفیئر اینڈ ڈویلپمنٹ ٹرسٹ 21 تا27 جولائی ملک بھر میں ہفتہ صفائی منائے گی جسکا مقصد عوام میں صفائی کے حوالے سے آگاہی فراہم کرناہے۔ خیرالعمل ویلفیئر اینڈ ڈویلپمنٹ ٹرسٹ کے رضا کار ملک بھر میں21 تا27 جولائی ہفتہ صفائی کے دوران تمام اضلاع میں مساجد،پارکس،گلیوں کی صفائی کرینگے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے ماحول کو صاف ستھرا رکھنا چاہیے ۔معاشرے کے ہر فرد کو خیرالعمل ویلفیئر اینڈ ڈویلپمنٹ ٹرسٹ کی اس صفائی آگاہی مہم میں رضاکار کے طور پر شامل ہو کر اس کار خیر میں حصہ ڈالنا چاہیے ۔
وحدت نیوز(کوئٹہ) سیکریٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین بلوچستان علامہ برکت علی مطہری نے کہاہے کہ مستونگ میں ایک خاتون سمیت چار شیعہ شہریوں کو بے دردی سے شہید کیا گیا ،سعودی حمایت یافتہ دہشت گرد تنظیم داعش و لشکر جهنگوی کے دہشت گردوں کی کار پر فائرنگ قابل مذمت ہے،حکومت بلوچستان مکمل طور پر نہ اہل ثابت ہو چکی ہے۔کوئٹہ شہر میں قدم قدم پر موجود سکیورٹی چیک پوسٹوں کی موجودگی میں شیعہ ہزاروں شہریوں کو قتل عام باعث تشویش ہے، دن دھاڑے شیعہ شہریوں کو نشانہ بنانے والے کس طرح ایف سی اور پولیس کے اہلکاروں کی آنکھوں میں دھول جھونک کر فرار ہو جاتے ہیں نا قابل سمجھ ہے،ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم نواز شریف کی حکومت جب بھی خطرے میں ہوتی ہے دہشت گردی واقعات میں اضافہ ہوجاتا ہے ، سی پیک منصوبے کی مخالف عالمی قوتیں بلوچستان کے امن و تباہ وبرباد کرکے پاکستان کی معاشی شہ رگ یعنیٰ پاک چین اقتصادی راہ داری منصوبے کو ناکام بنا نا چاہتی ہیں ، انہوں نے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ سے مطالبہ کیا کہ بلوچستان بھر بالخصوص مستونگ اور کوئٹہ میں موجود داعش، طالبان اور لشکر جھنگوی کی محفوظ پناہ گاہوں کے خلاف فوری فوجی آپریشن کا آغاز کیا جائے اور شیعہ نسل کشی میں ملوث ان تکفیری دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔
وحدت نیوز(کراچی) پاکستان پیپلز پارٹی کے کارکنان نے پانی چوری سے روکنے پر مجلس وحدت مسلمین ضلع ملیر جوگی موڑ یونٹ کے سیکریٹری جنرل ندیم حسین حاجانواور سجاد حسین پر قاتلانہ حملہ کردیا ، نیم مردہ حالت میں جناح اسپتال منتقل کردیا گیا، تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور UC-24چوکنڈی بن قاسم کے نائب ناظم عبدالرشید پہنورکی پشت پناہی میں پیپلز پارٹی کے کارکن نعیم پہنور، ثناءاللہ پہنور، سعیدپہنور،جمیل پہنورنے رات کی تاریکی میں پانی کے لائن میں غیر قانونی کنکشن لینے کی کوشش کی جس پر ایم ڈبلیوایم کے رہنما ندیم حاجانواور سجاد حسین نے انہیں روکنے کی کوشش کی جس پر پیپلز پارٹی کے مذکورہ کارکنان نے بیلچوں سے جان لیواوارکرکے ندیم حاجانواور سجاد حسین کو شدید انداز میں زخمی کردیا جس کے باعث ندیم حاجانوکے سر میں شدید چوٹیں آئیں اور ان کے سر کی ہڈی کئی جگہ ٹوٹ گئی اور انیس ٹاکے آئے دونوں زخمیوں کو فوری طور پرجناح اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹرز ان کی جان بچانے کی کوششوں میں مصروف ہیں ، واقعہ کے بعد ایم ڈبلیوایم کے کارکنان میں شدید اشتعال پایا جاتا ہے، ایم ڈبلیوایم کے کارکنان نے پی پی پی کے حملہ آور کارکنان کے خلاف مقامی تھانے میں ایف آئی درج کروادی ہےمگر تاحال کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔
ایم ڈبلیوایم کے صوبائی رہنما علامہ نشان حیدر ساجدی نے کہا ہے کہ نائب ناظم رشید پہنور حملہ آوروں اور علاقے کے جرائم پیشہ عناصر کی پشت پناہی اور انہیں تحفظ فراہم کرنے میں مصروف ہے،جبکہ حملہ آوروں نے الٹی ایم ڈبلیوایم کے نہتے اور زخمی کارکنان کے خلاف ایف آئی آر درج کروادی جس کا کوئی جواز ہی نہیں پیدا ہوتا،چند ماہ قبل مسجد وامام بارگاہ شاہ نجف میں کچھ لٹیرے داخل ہوئے تھے اور انہوں نے وہاں موجودنمازیوں کو لوٹنے کی کوشش بھی کی تھی جنہیں عوام نے جان پر کھیل کر گرفتار کروایا ان کے پیچھےبھی یوسی نائب ناظم کا ہاتھ نکلا تھا، انہوں نے اعلیٰ پولیس حکام سے واقعے میں ملوث مجرموں کی فوری گرفتاری اور پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت سے پی پی پی میں موجود ان جرائم پیشہ عناصر اور ان کے پشت پناہ کرپٹ نائب یوسی ناظم کے خلاف فوری کاروائی کا مطالبہ کیا ہے ، بصورت دیگر ایم ڈبلیوایم کے کارکنان نیشنل ہائی وے بلاک کرکے احتجاج کا حق محفوظ رکھتے ہیں ۔
وحدت نیوز(کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ امریکہ اور مغرب کمزور ہوچکے ہیں۔ امریکہ و اسکے اتحادی اب متحد نہیں رہے اور آپس میں اختلافات کا شکار ہوچکے ہیں، جسکے باعث شام، عراق، افغانستان، یمن سمیت عالم اسلام میں وہ اپنے اہداف حاصل کرنے میں ناکام ہوچکے ہیں۔ عالمی طاقت اب ایشیا منتقل ہوچکی ہے۔ مستقبل ایشیا اور اسلام کا ہے۔ شام و عراق میں امریکی ایماء پر ہونے والی خانہ جنگی کا آغاز دراصل اسلامی و ایشیائی ممالک کو توڑنا تھا۔ امریکی اسرائیلی بلاک ناصرف پاکستان اور ایران بلکہ چین و روس کو بھی تقسیم کرنا چاہتا ہے۔ امریکی بلاک خطے میں انتہائی اہمیت کے حامل ہمارے وطن عزیز پاکستان کو کمزور کرنا چاہتا ہے۔ اسی لئے شام و عراق میں شکست فاش سے دوچار ہونے والی عالمی دہشتگرد تنظیم داعش کے نجس وجود کو پاکستان میں پروان چڑھا کر یہاں تکفیریت و فرقہ واریت کی سازش کے ذریعے مسلمانان پاکستان کو تقسیم کرنا چاہتے ہیں۔ انتالیس ممالک کا فوجی اتحاد امریکہ و اسرائیل نے دراصل اسلام و ایشیا کیخلاف بنایا ہے، تاکہ ایشیا و اسلام کی بڑھتی ہوئی طاقت کو اندر سے ہی کمزور کرکے ختم کیا جا سکے۔ امریکی سربراہی میں بننے والے انتالیس ملکی فوجی اتحاد کا مقصد ایشیائی بالخصوص مسلم ممالک کو چھوٹے چھوٹے حصوں میں تقسیم کرنا ہے، تاکہ ایشیا کی طاقت کو توڑ کر مغرب کی بالادستی کو برقرار رکھا جاسکے۔ پاکستان ایشیا کا اہم اسٹراٹیجک مرکز ہے۔ یہ 5 ارب لوگوں کو آپس میں ملاتا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے تین روزہ دورہ کوئٹہ کے دوران ریڈ روز کلب میں منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا،اس موقع پر ایم ڈبلیو ایم کے رکن بلوچستان اسمبلی سید محمد رضا، امام جمعہ کوئٹہ علامہ سید ہاشم موسوی، ایم ڈبلیو ایم کے رہنماء علامہ ولایت حسین جعفری سمیت دیگر علماء وعلاقہ معتبرین نے بڑی تعداد میں خصوصی طور پر شرکت کی۔
ایم ڈبلیو ایم پاکستان کے سربراہ کا مزید کہنا تھا کہ اگر خدانخواستہ پاکستان عدم استحکام کا شکار ہو جائے تو پورا ایشیا عدم استحکام کا شکار ہو جائے گا۔ چین کی اقتصادی ترقی سی پیک منصوبے یعنی ون بیلٹ ون روڈ سے منسلک ہے۔ امریکہ پاکستان کو مذہبی انتہا پسندوں، طالبان، داعش، لشکر جھنگوی و دیگر تکفیری گروہوں کے ذریعے کمزور کرنا چاہتے ہیں، تاکہ پاکستان کو تقسیم کرکے ایران، ترکی اور چین کی تقسیم کی راہ ہموار کی جاسکے۔ پاکستان سمیت عالم اسلام کے تحفظ اور دشمن کی نابودی کیلئے امام مہدی کے ظہور کے منتظرین کو متحرک ہونا ہوگا۔ پاکستان کے سنی شیعہ مسلمانوں نے اپنے شعوری جدوجہد کے ذریعے پاکستان میں تکفیریوں کے ذریعے خانہ جنگی کی امریکی اسرائیلی و بھارتی سازش کو ناکام بنایا۔ لیکن ہمارے اداروں کی غلط حکمت عملی و امریکی نوازی کے سبب دشمن جنگ ہمارے وطن عزیز میں لے آنے میں کامیاب ہوا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ضیاء الحق کی سوچ اور اسکی اسٹیبلشمنٹ نے اس ملک کے تمام محب وطنوں کو قتل کیا۔ ضیا سوچ کے پروردہ تکفیری دہشتگردوں کا اہم ترین ہدف پاکستان میں فکر کربلا کی حامل ملت تشیع کو کمزور کرنا ہے، تاکہ پاکستان کو کمزور کیا جاسکے۔ کیونکہ دشمن سمجھتا ہے کہ ملت تشیع کے ہوتے ہوئے وطن عزیز پاکستان کو کوئی نقصان نہیں پہنچا سکتا۔ اسی لئے کئی دہائیوں سے ملک میں شیعہ نسل کشی کا سلسلہ جاری ہے۔
علامہ ناصر عباس جعفری کا کہنا تھا کہ پاکستان میں عالمی استکبار نے تکفیری دہشتگرد عناصر کے ذریعے شیعہ مسلمانوں کا قتل عام کروایا، لیکن افسوس کہ ہمارے حکمران خاموش رہے۔ لیکن ان سب کے باوجود ملت تشیع وطن کو بچانے کیلئے منظم ہو کر جدوجہد کرتی رہے گی۔ اسی قائد و اقبال کے پاکستان کا حصول بھی اسی جدوجہد کا ہی ایک اہم ترین حصہ ہے۔ دشمن پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کیلئے یہاں فرقہ واریت پھیلانا چاہتا ہے۔ جسے محب وطن ملت تشیع کبھی بھی کامیاب نہیں ہونے دیگی۔ ضروری ہے کہ فرقہ واریت و تکفیریت کی سازش کے خلاف تمام محب وطن عوام اتحاد بین المسلمین اور بین المذاہب ہم آہنگی کو مزید فروغ دیں۔ ہمیں شیعہ سنی اتحاد کے فروغ کیلئے مزید تیزی کیساتھ کام کرنا ہوگا اور دیگر مذاہب کو بھی تحفظ فراہم کرنا ہے۔ اپنے وطن کا دفاع و حفاظت ہمارا دینی و قومی فریضہ ہے۔ اسلام دشمن اور ایشیا دشمن سازشوں کو ناکام بنانا ہوگا۔ الحمداللہ ملت تشیع کے اپنے اہلسنت بھائیوں کے ساتھ بھرپور روابط و ہم آہنگی ہے۔ پاکستان کے شیعہ و سنی، سکھ و عیسائی سب ملکر امریکی و عالمی استکبار کی تمام سازشوں کو ناکام بنائیں گے۔ پاکستان کو منحوس امریکی و سعودی اتحاد سے نکلنا ہوگا۔ پاکستان کو راحیل شریف کی فوجی اتحاد کیلئے جاری کی گئی این او سی کو منسوخ کرنا ہوگا، کیونکہ راحیل شریف کی انتالیس ملکی فوجی اتحاد کی سربراہی پاکستان و ایشیا کیخلاف امریکی و اسرائیلی سازش ہے۔
علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے مزید کہا کہ مودی کے اسرائیل کے دورہ میں اسرائیلی مبصرین کا یہ اعتراف کہ فوجی ممالک کا اتحاد ہمارے بلاک کا حصہ ہے۔ لہٰذا ہمیں امریکی، اسرائیلی و بھارتی ایجنڈے سے باہر نکلنا ہوگا۔ پاکستان کو روس، چین اور ایشیا کے بلاک کا حصہ بننا چاہیئے، تاکہ ہمارے ملک میں خوشحالی اور امن و امان کا قیام ممکن ہوسکے۔ ہمیں خوشی ہے کہ اب ہماری بات سنی و سمجھی جا رہی ہے۔ آرمی چیف کا پاراچنار جانا اور شہداء پاک وطن سے یکجہتی قابل تحسین ہے۔ مقتدر قوتوں کو محب وطن ملت تشیع کی باتوں کو سمجھنا ہوگا۔ پاکستان بہت نازک وقت سے گزر رہا ہے۔ ہمیں باخبر رہنا ہوگا کہ آج مغرب نواز حکمرانوں نے کرپشن کیخلاف تحقیق کرنے والے قومی اداروں اور عدلیہ کے خلاف اعلان جنگ کر دیا ہے۔ یہ مغرب کا ایجنڈا ہے کہ پاکستان کو داخلی مشکلات کا شکار کیا جائے اور قومی اداروں کو کمزرو کیا جائے۔ کیا ہی اچھا ہوتا کہ غیرت کا مظاہرہ کیا جاتا، نہ کہ اپنی خیانتوں کو چھپانے کیلئے قومی اداروں کو متنازعہ بنانے کی کوشش کی جاتی۔چھ اگست کو انشاء اللہ ہم قائد شہید علامہ عارف حسین الحسینی کی برسی کی مناسبت سے اسلام آباد میں عظیم الشان "مہدی برحق کانفرنس" کا انعقاد کر رہے ہیں۔ جو محب وطن ملت تشیع کی جدوجہد کے حوالے سے اہم سنگ میل ثاب ہوگی۔ تمام محب وطن اکائیاں ملکی حساس حالات و صورتحال میں اس اجتماع کی اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے بھرپور شرکت کو یقینی بنائیں اور یکجہتی کا مظاہرہ کریں۔
وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین سنٹرل پنجاب کے صوبائی کابینہ کا اجلاس ،اجلاس کی صدارت سیکرٹری جنرل پنجاب علامہ مبارک موسوی اور چئیرمین مہدیؑ برحق کانفرنس ومرکزی سیکرٹری تعلیم نثار فیضی نے کی،اجلاس میں مرکزی سیکرٹری روابط ملک اقرار حسین ،مرکزی رہنما علامہ اصغر عسکری کی خصوصی شرکت،اجلاس میں موجودہ ملکی صورت حال اور اسلام آباد میں 6 اگست کو منعقدہ مرکزی اجتماع،،مہدی برحق کانفرنس،، کے حوالے سے چئیرمین کانفرنس نثار فیضی نے صوبائی کابینہ کو تفصیلی بریفنگ دی،انہوں نے کہا کہ انشااللہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان اگست میں برسی شہید علامہ عارف حسین الحسینی کے موقع پراسلام آباد میں اپنی سیاسی قوت کا مظاہرہ کریگی ،اس عظیم الشان جلسے میں ملکی سیاسی مذہبی جماعتوں کے سربراہان کو شرکت کی دعوت دی جارہی ہے،یہ اجتماع استحکام پاکستان ،ملک سے انتہا پسندی و دہشتگردی کے خاتمہ،کرپشن اورشاہانہ کرپٹ نظام کیخلاف سنگ میل ثابت ہوگی۔
نثار فیضی نے مزید کہا کہ ملک بھر میں اس مرکزی اجتماع کے لئے رابطہ مہم شروع کر دی ہے ،انشااللہ ہزاروں کی تعداد میں فرزندان اسلام وپاکستان چاروں صوبوں گلگت بلتستان سمیت آزاد جموں کشمیر سے شریک ہونگے،اس مرکزی اجتماع میں شرکت کے لئے مقبوضہ کشمیرمیں جد وجہد آزادی میں شریک حریت کانفرنس کے رہنماوں کو بھی دعوت دینگے،انہوں نے کہا کہ دہشتگردی ،کرپشن اور عوام پر مسلط کرپٹ نظام کیخلاف ہر باشعور اور محب وطن پاکستانی کو اپنے حصے کا کردار ادا کرنا ہوگا،ہم قائد اعظم اور علامہ اقبال کے پاکستان کی تلاش میں ہے،دشمن ملک کو مسلک کے نام پر تقسیم کر کے کمزور کرنے کی سازش میں ہے،انشااللہ ہم اسے کامیاب نہیں ہونے دینگے،حصول پاکستان کے لئے ہمارے آباو اجداد نے جانی مالی قربانیاں دیں ہیں اور تحفظ پاکستان کے لئے ہم اپنے خون کے آکر قطرے تک جدو جہد جاری رکھیں گے۔
علامہ مبارک علی موسوی سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین پنجاب نے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ سنٹرل پنجاب کے 24 اضلاع سے ایک ہزار سے زائد بسوں کا قافلہ اس مرکزی اجتماع میں شریک ہوگا،سنٹرل پنجاب کے سیکرٹری روابط رائے ناصر علی کی سربراہی میں قائم کو مذید شرکاء کی شرکت کو یقینی بنانے کے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اس سرمایہ دارانہ کرپٹ نظام کیخلاف عملی جدو جہد کو ہم خیال جماعتوں کیساتھ مل کر تیز کر نا ہوگا،تاکہ مملکت خداداد پر مسلط پانامہ زدہ کرپٹ حکمرنوں سے عوام کو نجات ملے۔