Print this page

غربت کے باعث چوری، ڈکیتی، راہزنی اور قتل و غارت گری کے واقعات میں حیران کن اضافہ ہوا ہے، ایم ڈبلیوایم جنوبی پنجاب

08 دسمبر 2021

وحدت نیوز (ملتان) مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کے رہنماؤں علامہ سید اقتدار حسین نقوی،ڈپٹی سیکرٹری جنرل سلیم عباس صدیقی، سیکرٹری سیاسیات انجینئر سخاوت علی سیال نے ملتان میں ورکر کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں انتہاپسندی اور بے حیائی عام ہوتی جا رہی ہے، غربت کے باعث چوری، ڈکیتی، راہزنی اور قتل و غارت گری کے واقعات میں حیران کن اضافہ ہوا ہے، جس سےعالمی سطح پر ملک کی جگ ہنسائی ہو رہی ہے، سزا اور جزا کے نظام میں موجود خامیوں کو دور کیا جائے اور ملک کی عالمی سطح پر بدنامی کرنے والوں کے خلاف فی الفور فیصلے کر کے عبرتناک سزا دی جائے، پولیس سے لے کر عدالتوں تک آوے کا آوا بگڑا ہوا ہے، مظلوم کے لیے انصاف کا حصول ایک خواب بن کر رہ گیا ہے، ایک کے بعد ایک سانحہ حکومتی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے، ہر بڑے سانحہ کے بعد بلند و بانگ دعوے کیے جاتے ہیں لیکن ان پر عملی جامہ نہیں پہنایا جاتا جس سے جرائم پیشہ افراد کو مزید تقویت ملتی ہے۔

ایم ڈبلیوایم کے رہنماؤں نے مزید کہا کہ اگر ماضی میں انصاف کے تقاضوں کو فوری پورا کیا جاتا تو سیالکوٹ جیسے واقعات رونما نہ ہوتے۔ ایک منظم سازش کے تحت ملکی حالات خراب کر کے عالمی سطح پر ملک کو پابندیوں کا شکار کیا جا رہا ہے ۔حکمران ملک دشمن عناصر کے عزائم کو کامیاب نہ ہونے دیں اور ایسے تمام عناصر کا قلعہ قمع کیا جائے جو پاکستان کی جگ ہنسائی کا موجب بن رہے ہیں۔ اس موقع پر سید دلاور رضا زیدی، شبر رضا اور دیگرنے بھی خطاب کیا۔

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree